مجھے متعدد روز تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنایاگیا‘ معروف گلوکارہ کا دلخراش انکشاف

مجھے اغواء کر لیا گیا اور کئی دن تک محبوس رکھ کر منشیات دی جاتی رہیں اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا رہا‘برطانوی گلوکارہ

جمعرات 27 فروری 2020 13:13

مجھے متعدد روز تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنایاگیا‘ معروف گلوکارہ کا دلخراش انکشاف
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2020ء) برطانوی گلوکارہ ایمی این ڈفی نے چند سالوں میں ایسی شہرت پائی کہ پوری دنیا میں ان کا نام گونجنے لگا لیکن پھر 10سال قبل وہ اچانک منظر سے غائب ہو گئیں اور گوشہ نشینی کی زندگی بسر کرنے لگیں۔ آج تک ان کے مداح یہ سمجھنے سے قاصر رہے کہ آخر ڈفی کو ہوا کیا ہی اب بالآخر گلوکارہ نے اپنی خاموشی توڑ دی ہے اور اپنے منظر سے غائب ہونے کی ایسی وجہ بتا دی ہے کہ ان کے مداح دل گرفتہ رہ گئے۔

35سالہ ڈفی نے ایک انسٹا گرام پوسٹ میں بتایا ہے کہ درحقیقت انہیں اغواء کر لیا گیا اور کئی دن تک محبوس رکھ کر انہیں منشیات دی جاتی رہیں اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ اس کے بعد وہ دنیا کے سامنے آنے کا حوصلہ نہیں کر پائیں۔

(جاری ہے)

ڈفی نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’میں نے ان سالوں میں سینکڑوں بار اپنی کہانی دنیا کو سنانے کا سوچا۔ میں سب کو بتانا چاہتی تھی کہ میرے ساتھ کیا ہوا ہے لیکن میں اپنی آنکھوں میں موجود افسردگی اور دکھ دنیا کو نہیں دکھانا چاہتی تھی۔

چند ہفتے قبل ایک صحافی نے کسی طرح مجھ سے رابطہ کر لیا اور میں نے اسے اپنی کہانی سنائی۔ اس کے بعد آج میں آپ سب کو یہ کہانی بتا رہی ہوں۔ بہت جلد میں ایک ٹی وی انٹرویو دینے جا رہی ہوں جس میں تفصیل کے ساتھ اس حوالے سے بات کروں گی۔ فی الحال میں یہاں اتنا ہی بتانا چاہتی تھی اور یہ درخواست کرنا چاہتی تھی کہ برائے مہربانی میرے اس اقدام کی عزت کی جائے اور میرے اور میری فیملی کے معاملات میں اس حوالے سے مداخلت نہ کی جائے۔ برائے مہربانی میری سپورٹ کریں تاکہ میرے ساتھ پیش آنے والا وہ تلخ واقعہ ایک مثبت تجربہ بن سکے۔
وقت اشاعت : 27/02/2020 - 13:13:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :