مارک رفالو، اپنے ’’ہم عمر‘‘ ریان رونلڈس کے والد بننے کو تیار

مذکورہ فلم میں اداکارہ جینیفر گارنر بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی اور وہ ممکنہ طور پر ہیرو کی محبوبہ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی

جمعرات 26 نومبر 2020 12:16

مارک رفالو، اپنے ’’ہم عمر‘‘ ریان رونلڈس کے والد بننے کو تیار
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) اگرچہ اداکاروں کو عمر کی فکر کیے بغیر ہی کردار ادا کرنے ہوتے ہیں تاہم بعض اداکار فلموں میں ہم عمر اداکاروں کے والدین بننے کا کردار ادا کرنے سے کتراتے ہیں۔لیکن جلد ہی آنے والی سائنس فکشن فلم میں ہولی وڈ کی سپر اسٹار مارک رفالو تقریبا اپنے ہم عمر اداکار ریان رونلڈس کے والد کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

جی ہاں، خبریں ہیں کہ نیٹ فلیکس کی آنے والی سائنس فکشن فلم 'دی ایڈم پروجیکٹ' میں مارک رفالو خود سے محض 8 سال کم عمر ریان رونلڈس کے والد بنیں گے۔شوبز ویب سائٹ ہولی وڈ رپورٹر کے مطابق ریان رونلڈس کی فلم 'دی ایڈم پروجیکٹ' کی کاسٹ میں مارک رفالو اور 61 سالہ کیتھرائن کنیر کو بھی شامل کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

فلم میں 53 سالہ مارک رفالو 45 سالہ ریان رونلڈس کے سائنسدان والد کا کردار ادا کریں گے جب کہ 61 سالہ کیتھرائن کنیر فلم میں ولن کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم کی کہانی خاتون ولن کی جانب سے سائنسدان کی بنائی گئی اہم ترین ٹیکنالوجی کو چرا کر اس کے غلط استعمال کے گرد گھومتی ہے۔فلم میں سائنسدان کی ٹیکنالوجی چرانے والی عورت کا کردار 61 سالہ کیتھرائن کنیر ادا کریں گی جو فلم کے ہیرو ریان رونلڈس سے ڈیڑھ دہائی زائد العمر ہیں۔اسی طرح فلم میں ہیرو کے والد کا کردار 53 سالہ مارک رفالو ادا کریں گے جو فلم میں ایک طبیعات دان ہوتے ہیں اور وہ کئی سال کی محنت کے بعد ایک منفرد ٹیکنالوجی بناتے ہیں، تاہم ویلن اس ٹیکنالوجی کو چرا لیتی ہیں۔

فلم میں ریان رونلڈس والد مارک رفالو کی جانب سے بنائی گئی منفرد ٹیکنالوجی کو واپس حاصل کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیں گے۔مذکورہ فلم میں اداکارہ جینیفر گارنر بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی اور وہ ممکنہ طور پر ہیرو کی محبوبہ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
وقت اشاعت : 26/11/2020 - 12:16:57

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :