بیٹا 10ماہ بعد میری پسند کی لڑکی سے شادی کیلئے راضی ہوا، صبا فیصل

ہفتہ 27 جنوری 2024 22:17

بیٹا 10ماہ بعد میری پسند کی لڑکی سے شادی کیلئے راضی ہوا، صبا فیصل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2024ء) سینئر اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے چھوٹے اداکار ارسلان فیصل ان کی پسند کی لڑکی سے شادی کیلئے 10ماہ بعد رضامند ہوئے۔صبا فیصل نے میں مارننگ شو میں شرکت کی اوربتایا کہ ارسلان کی دلہن اسی عمارت مین رہائش پذیر تھیں جس میں ان کا گھر تھا جبکہ بہو کی والدہ سے ان کی اچھی دوستی تھی۔

اداکارہ نے کہاکہ بہو کی والدہ نے ایک دن ان سے کہاکہ وہ اپنی بیٹی کیلئے رشتہ ڈھونڈ رہی ہیں، اگر ان کے پاس کوئی اچھا رشتہ ہو تو انہیں بتائیں جس پر انہوں نے اپنے بیٹے کا ذکر کیا۔صبا فیصل کے مطابق ایسے ہی انہوں نے بیٹے کا رشتہ طے کیا اور پھر جب وہ بہو کو دیکھنے گئیں تو بہو کے ہاتھ میں تفسیر کی کتاب تھی اور انہوں نے دیکھتے ہی انہیں پسند کرلیا۔

(جاری ہے)

اداکارہ کے مطابق انہوں نے بیٹے کو بتایاکہ انہیں دلہن پسند آگئی ہے، وہ بھی انہیں دیکھ کر اپنی رضامندی سے متعلق آگاہ کریں جس پر بیٹے نے حامی بھری لیکن انہوں نے بتانے میں 10ماہ لگائے۔صبا فیصل کے مطابق بیٹے نے 10ماہ بعد ان کی ہی پسند کی لڑکی سے شادی کیلئے رضامندی ظاہر کی اور بیٹے نے منگنی کے دن پہلی بار اپنی ہونے والی دلہن کو دیکھا، اس سے قبل صرف ان سے فون پر باتیں کرتے تھے۔

اداکارہ نے بتایاکہ ان کی چھوٹی بہو ڈاکٹر ہیں، وہ پہلے چائلڈ اسپیشلسٹ تھیں،اب وہ امراض نسواں کی ماہر ڈاکٹر بننا چاہ رہی ہیں اور وہ ان کے کہنے سے پہلے ہی انہیں پسند آنے والے کام کرتی ہیں اور وہ بہت خوش ہیں۔صبا فیصل نے بتایاکہ ان کے بڑے بیٹے سلمان نے پہلے لڑکی پسند کی تھی اور بعد میں انہوں نے بیٹے کی پسند کو اپنایا لیکن چھوٹے بیٹے کیلئے پہلے انہوں نے دلہن پسند کی اور بیٹے نے ان کی پسند کو اپنایا۔انہوں نے واضح کیاکہ پسند کی شادیاں بھی اچھی ہوتی ہیں لیکن والدین کی مرضی سے کی جانی والی شادیاں بہت اچھی ہوتی ہیں، کیوں کہ والدین تجربے کی بنیاد پر اپنے بچوں کے لیے شریک حیات تلاش کرتے ہیں۔
وقت اشاعت : 27/01/2024 - 22:17:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :