اگرآج کے دورمیں شادی کرتا توکبھی اتنی تقریبات نہ رکھتا، منیب بٹ

ملک کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے میں گوارا نہیں کروں گا کہ میں اتنی بڑی رقم اپنے لیے اپنی شادی پر خرچ کروں

منگل 13 فروری 2024 11:59

اگرآج کے دورمیں شادی کرتا توکبھی اتنی تقریبات نہ رکھتا، منیب بٹ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2024ء) اداکار منیب بٹ نے اپنی شادی پر بے تحاشا خرچہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میری شادی آج ہوتی تو میں مہنگائی کو دیکھتے ہوئے کبھی اتنی تقریبات نہ رکھتا۔منیب بٹ حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک ہوئے تھے جس دوران میزبان نادیہ خان نے منیب بٹ سے سوال کیا کہ اگر آپ ماضی میں جاکر اپنی زندگی کے کوئی دو واقعات کو تبدیل کرسکتے تو وہ دو واقعات کون سے ہوتے سوال کے جواب میں منیب بٹ نے کہا کہ ایک واقعہ 2006 کا ہے جب میں نے میٹرک سے انٹر کیلئے پری انجینئرنگ میں داخلہ لیا تھا، اب میں اس داخلے کو کامرس میں تبدیل کروں گا۔

اداکار نے بتایا کہ مجھے انجینئرنگ بالکل پسند نہیں تھی اس لیے میں اس انجینئرنگ میں داخلہ بھی نہیں لینا چاہتا تھا لیکن والد کے دباؤ پر میں نے انجینئرنگ میں داخلہ لے لیا اس کے بعد میں فیل ہوگیا، اب میں اس داخلہ کو کامرس میں تبدیل کروں گا ۔

(جاری ہے)

منیب بٹ نے بتایا کہ دوسرا واقعہ میری شادی کے سال کا ہے، اگر میری شادی ماضی کے بجائے ان سالوں میں ہوتی تو میں اب اپنی شادی کیلئے اتنی تقریبات نہیں رکھوں گا اور نہ ہی میں اپنی شادی پر اتنا پیسہ خرچ کروں گا جتنا میں نے کیا تھا۔

اداکار نے مزید کہا کہ اس کی وجہ مہنگائی ہے، ملک کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے میں گوارا نہیں کروں گا کہ میں اتنی بڑی رقم اپنے لیے اپنی شادی پر خرچ کروں اور میرے ملک کے کئی لوگ روٹی سے بھی ترس رہے ہوں، یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنے بڑے بڑے ایونٹس کو ختم کردیا ہے، اب میں بچوں کی خوشی کیلئے صرف سالگرہ کی تقریب مناتا ہوں۔واضح رہے کہ اداکار منیب بٹ نے 2018 میں اداکارہ ایمن خان سے شادی کی تھی، دونوں کی شادی کو 8 سے 9 دن تقریبات کے باعث مداحوں نے طویل ترین شادی کا نام بھی دیا تھا، جوڑے کے ہاں اب دو بیٹیاں بھی ہیں۔
وقت اشاعت : 13/02/2024 - 11:59:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :