ادیتی راؤ شارمین سہگل کے حق میں سامنے آگئیں

میں جانتی ہوں کچھ لوگوں کو کسی کی ایکٹنگ پسند آتی ہے اور کچھ کو نہیں

پیر 13 مئی 2024 11:25

ادیتی راؤ شارمین سہگل کے حق میں سامنے آگئیں
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) بھارتی اداکارہ ادیتی راؤ ویب سیریز ہیرامنڈی میں ساتھی اداکارہ شارمین سہگل کی اداکاری پر تنقید کیے جانے پر ان کے حق میں سامنے آگئیں۔ادیتی راؤ نے ویب سیریز ہیرامنڈی میں ببو جان کا کردار ادا کیا ہے، شاندار اداکاری پر انہیں خوب سراہا جارہا ہے، تاہم ویب سیریز سے متعلق سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔

ہیرامنڈی میں ان کی ساتھی اداکارہ شارمین سہگل کو ٹرول کیے جانے سے متعلق جب ان سے رائے جاننے کی کوشش کی گئی تو ادیتی راؤ نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی ایک کے اوپر تنقید کرنا بالکل بھی مناسب نہیں ہے۔انکا کہنا تھا کہ میں جانتی ہوں کچھ لوگوں کو کسی کی ایکٹنگ پسند آتی ہے اور کچھ کو نہیں، مگر کسی ایک فنکار کو مسلسل تنقید کا نشانہ بالکل بھی درست عمل نہیں ہے اور ایسا بالکل نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے مزید کہا کہ یہ سب مجھے بہت برا لگتا ہے، مجھے لگتا ہے کہ ہم سب کو اسے سمجھنا چاہیے اور ایک دوسرے کو اس معاملے پر سپورٹ کرنا چاہیے۔یاد رہے کہ سنجے لیلیٰ بھنسالی کی بھانجی شارمین نے ہیرا منڈی میں عالم زیب کا کردار ادا کیا ہے، انہیں اپنی اداکاری پر مداحوں کی جانب سے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے انسٹا گرام پر کمنٹ سیکشن کو بند کرنا پڑگیا تھا۔
وقت اشاعت : 13/05/2024 - 11:25:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :