صبا حمید کے نئے ڈراما’’نورجہاں ‘‘کا ٹریلر جاری، سوشل میڈیا پر سخت تنقید

بدھ 22 مئی 2024 22:26

صبا حمید کے نئے ڈراما’’نورجہاں ‘‘کا ٹریلر جاری، سوشل میڈیا پر سخت تنقید
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2024ء) نجی ٹی وی کی نئی ڈراما سیریل نور جہاں کے ٹریلرز ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں، جو 25 مئی کو آن ایئر کی جائے گی، یہ ڈراما سیریل سکس سگما پلس پروڈکشنز نے پروڈیوس کی ہے، ڈراما سیریل کی کہانی مقبول پاکستانی مصنف زنجبیل عاصم شاہ نے لکھی ہے، اس سیریل کے ڈائریکٹر مصدق ملک ہیں۔

ڈراما سیریل کی کاسٹ میں نور حسن، کبریٰ خان، ہاجرہ یامین، زویا ناصر، صبا حمید، علی رحمان خان اور دیگر شامل ہیں، ڈرامے کی کہانی ایک مستند پرانے اسکول کی بزرگ خاتون کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے بیٹوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے۔منگل کے روز اس ڈرامے کا نیا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے، جس میں صبا حمید، نے ایک بادشاہ کی کہانی بیان کی جس نے بیٹی کی پیدائش کے بعد اپنا غرور اور عزت کھو دی، صبا حمید بادشاہ کی کہانی سناتی ہیں کہ ایک بادشاہ تھا جو بہت مغرور تھا، اس نے اپنے گھر کے دروازے اونچے کروائے تاکہ اسے جھک کر نہ دروازے سے گزرنا پڑے، بادشا کے ہاں جب بیٹی کی پیدائش ہوئی تو اس نے مزدوروں کو بلا کرکہا کہ دروازے نیچے کردیں، کیوں کہ اس کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈراما سیریل نور جہاں کی رجعت پسند اور پریشان کن کہانی کو عوام کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، زیادہ تر شائقین ڈراما سیریل کی امتیازی کہانی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔دوسری جانب ایک کے بعد ایک اس قسم کے نقصان دہ کرداروں کو قبول کرنے پر بہت سے سوشل میڈیا صارفین صبا حمید سے بھی ناراض ہیں، ایک مداح نے لکھا کہ صبا حمید ہمیشہ ایسے ہی کردار کرتی ہیں۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا، وہ کبھی بھی بااختیار عورت کو مثبت روشنی میں نہیں دکھائیں گے۔کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ اداکار اور ڈراما میکرز بھی اس دور میں رہتے ہیں جہاں لوگ بیٹیوں کو حقارت کی نگاہ سے دیکھتے تھے، ان ڈراموں میں ایسی کہانیوں کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ترقی پسند مواد کے ذریعے معاشرے کو تعلیم نہیں دینا چاہتے۔
وقت اشاعت : 22/05/2024 - 22:26:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :