مجھے صرف اپنے بیٹے کا مستقبل عزیز ہے ،حمیرا کو طلاق نہیں دی‘ گھر بسانا چاہتا ہوں ‘اداکار و ماڈل احمد بٹ

بیٹا امریکن نیشنل ہے میری بیوی امریکن شہریت کیلئے سارا ڈرامہ رچا رہی ہے ،کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ داری سخی سرور اورحمیرا ارشد پر عائد ہو گی

اتوار 3 مئی 2015 13:02

مجھے صرف اپنے بیٹے کا مستقبل عزیز ہے ،حمیرا کو طلاق نہیں دی‘ گھر بسانا چاہتا ہوں ‘اداکار و ماڈل احمد بٹ

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) گلوکارہ حمیرا ارشد کے شوہر اداکار و ماڈل احمد بٹ نے کہا ہے کہ مجھے صرف اپنے بیٹے کا مستقبل عزیز ہے اس لئے میں اپنا گھر بسانا چاہتا ہوں ،بیٹا امریکن نیشنل ہے میری بیوی امریکی شہریت کے لئے سارا ڈرامہ رچا رہی ہے ،جب حمیرا سے جائیدادوں بارے پوچھا تو انکشاف ہوا حمیرا اور سخی سرور پچاس ،پچاس فیصد کے پارٹنر ہیں اور میرا کہیں بھی ذکر نہیں ، اگر مجھے یا میرے گھر والوں کو کچھ ہوا تو اسکی ذمہ داری سخی سرور ،حمیرا ارشد اوراسکے گھر والوں پر عائد ہو گی اور میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے انصاف کی اپیل کرتا ہوں ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں اپنے بھائی اور وکیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

احمد بٹ نے کہا کہ میں نے حمیرا ارشد سے محبت کی شادی کی اور اسکے بعد ہم نے جو بھی کمایا وہ حمیرا کے ہاتھ میں ہوتا تھا ،حمیرا نے کہا تھاکہ جائیدادیں میرے نام ہوں گی جس پر میں نے بغیر کسی عذر کے کہا تم میری بیوی ہو مجھے کوئی اعتراض نہیں ۔

احمد بٹ نے کہا کہ چند ہفتے قبل جب میں نے حمیرا سے جائیدادوں کی تفصیلات معلوم کیں تو انکشاف ہوا کہ حمیرا ارشد اور سخی سرور پچاس ‘ پچاس فیصد کے پارٹنر ہیں جبکہ میرا کہیں ذکر نہیں جس پر مجھے حیرت ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ سخی سرور نے میری زندگی میں زہر گھولا ہے ، اس نے مجھے یہ پیشکش کی کہ اگر تمہارے پاس بلیک منی ہے تو میں اسے وائٹ منی میں تبدیل کر سکتا ہوں ۔

حمیرا ارشد نے الزام لگایا ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کو اغواء کر کے اسکے تاوان کے لئے دو کروڑ روپے مانگے ،میں سوال کرتا ہوں جس باپ کو سات سال بعد اللہ نے بیٹا عطا کیا ہو وہ اس طر ح کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حمیر اارشد یہ الزام بھی لگا رہی ہے کہ میں طلاق دینے کے عوض تین کروڑ روپے مانگ رہا ہوں حالانکہ میں تو طلاق دینا ہی نہیں چاہتا ۔احمد بٹ نے کہا کہ جب حمیرا ارشد نے پولیس کے ذریعے بیٹا واپس لیا تو حیرانگی کی بات ہے کہ نہ تو حمیرا ارشد خود آئی نہ ہی اس کے گھر والوں میں سے کوئی آیابلکہ سخی سرور بچے کو لینے کے لیے آیا جسکی وجہ سے مجھے شدید ذہنی اذیت ہوئی۔

احمد بٹ نے کہا کہ مجھے جائیدادیں نہیں چاہئیں ، ساری جائیداد بیٹے کے نام کر دے مجھے صرف اپنے بیٹے کا مستقبل عزیز ہے میں گھر بسانا چاہتا ہوں۔

وقت اشاعت : 03/05/2015 - 13:02:39

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :