ہالی ووڈ کی پہلی اے آئی اداکارہ ٹِلی نارووڈ کا پہلا آڈیشن، نارووڈ ایک فلم میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی

جمعرات 10 ستمبر 2026 17:35

Pنیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 ستمبر2026ء) ہالی ووڈ کی پہلی مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کی پر مبنی اداکارہ ٹلی نارووڈ نے اپنا پہلا آن کیمرا انٹرویو دیا ہے اور یہ اتنا ہی غیر معمولی رہا کہ جو تصور سے بھی باہر ہے۔سی این این کی الزبتھ ویگمیسٹر کے ساتھ ایک ویڈیو انٹرویو میں نارووڈ کو ایک حقیقی آڈیشن کی صورتحال سے گزارا گیا۔

اسے ایک منظر کو فی البدیہہ پیش کرنے کا کہا گیا جس میں یہ ظاہر کرنا تھا کہ اسے ابھی معلوم ہوا ہے کہ اس کا کتا مر گیا ہے۔اس پر اے آئی اداکارہ نے جواب دیا کہ یہ ایک مشکل صورتحال ہے اور اگر یہ کوئی حقیقی آڈیشن ہوتا تو وہ غالباً بس وہاں مکمل طور پر ساکت کھڑی رہتی اور اس صورتحال کے ’ڈیجیٹل درد‘ کو محسوس کرتی۔ویگمیسٹر نے بتایا کہ حقیقت یہ ہے کہ ٹلی دراصل اداکاری کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی اسے یہ سمجھنے کے لیے مختلف پرومپٹس کی ضرورت ہوتی ہے کہ اسے کیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی پرومپٹس فراہم کیے جانے کے باوجود بھی اے آئی اداکارہ یہ منظر مکمل طور پر پیش نہیں کر سکی۔ٹلی نارووڈ کے پیچھے موجود کمپنی ’پارٹیکل 6‘ کو سی این این کی ٹیم کے لیے ایک مکمل ٹیک تیار کرنے کے لیے کمپیوٹر پر گھنٹوں کام کرنا پڑا۔توقع اور حقیقت کے درمیان یہ فرق کافی نمایاں ہے نارووڈ کی خالق ایلین وان ڈیر ویلڈن جن کا انٹرویو بھی سی این این نے لیا امید رکھتی ہیں کہ ان کی یہ اے آئی تخلیق مستقبل میں اسکارلٹ جوہانسن یا نیٹالی پورٹمین جیسی مقبولیت حاصل کر لے گی۔

ایلین وان ڈیر ویلڈن نے وضاحت کی کہ اس منصوبے کا مقصد روایتی فلم سازی کے کسی بھی پہلو کو ختم کرنا نہیں اور نہ ہی ٹلی کو کبھی کسی حقیقی اداکار کا متبادل بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔تاہم ان کی یہ رائے تخلیقی برادری خصوصاً ہالی ووڈ میں بھرپور طور پر تسلیم نہیں کی جا سکتی۔نارووڈ کو ابھی تک کسی ریلیز شدہ فلم میں کاسٹ نہیں کیا گیا تاہم دی ہالی وڈ رپورٹرکے مطابق وہ ایک آنے والی فیچر لینتھ کامیڈی ڈراما فلم ’مِس الائنڈ‘ میں مرکزی کردار ادا کرے گی جسے ایک ’ہائبرڈ پروڈکشن‘ قرار دیا گیا ہے جس میں روایتی ڈائریکٹرز، رائٹرز اور ایڈیٹرز براہ راست اے آئی کے تکنیکی ماہرین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
وقت اشاعت : 10/09/2026 - 17:35:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :