بلال عباس کی دولہا بنے تصاویر وائرل، سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا

جمعرات 10 ستمبر 2026 17:13

بلال عباس کی دولہا بنے تصاویر وائرل، سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) پاکستانی شوبز کے مقبول اداکار بلال عباس خان کافی عرصے بعد ایک نئے انداز میں منظرِ عام پر آئے تو مداح انہیں دیکھ کر لمحہ بھر کیلئے واقعی ان کی شادی سمجھ بیٹھے۔بلال عباس معروف فیشن برانڈ ریپبلک بائے عمر فاروق کے نئے نکاح فوٹو شوٹ میں دولہا بنے نظر آئے ہیں۔فوٹو شوٹ میں بلال عباس نے سفید شیروانی زیب تن کی، جس پر سلور اور سیکوئن ورک کیا گیا تھا جبکہ ان کے ساتھ ماڈل کو آف وائٹ اور سلور عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

مسجد میں کیے گئے شوٹ میں دیگر ماڈلز بھی خاندان کے افراد کے روپ میں شامل ہیں جس سے تصاویر کسی حقیقی نکاح کی جھلک پیش کرتی ہیں۔بلال عباس کی دولہا بنے مسکراتی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور متعدد مداح پہلی نظر میں اسے اداکار کی حقیقی شادی سمجھ بیٹھے۔

(جاری ہے)

ایک مداح نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ خود شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں ہیں لیکن بلال عباس کو دولہا دیکھ کر انہیں بھی منی ہارٹ اٹیک آگیا۔

تاہم مداحوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، بلال عباس نے شادی نہیں کی بلکہ ان کا یہ دولہا روپ صرف ایک فیشن فوٹو شوٹ کیلئے تھا۔واضح رہے کہ عشق مرشد، پیار کے صدقے اور کچھ ان کہی سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے بلال عباس گزشتہ کچھ عرصے سے ٹی وی اسکرین، سوشل میڈیا اور شوبز تقریبات میں نسبتا کم دکھائی دے رہے تھے۔
وقت اشاعت : 10/09/2026 - 17:13:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :