احسن خان عالمی یوم معذوری کے موقع پر شارٹ فلم’’چشم نم‘‘ریلیز کریں گے

منگل 22 نومبر 2016 13:37

احسن خان عالمی یوم معذوری کے موقع پر شارٹ فلم’’چشم نم‘‘ریلیز کریں گے
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2016ء)ٹی وی کے معروف اداکار احسن خان عالمی یوم معذوری کی مناسبت سے شارٹ فلم بنا رہے ہیں۔احسن خان جو اپنے سماجی بہبود کے کاموں کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں نے کہا ہے وہ آیندہ ماہ عالمی یوم معذوری کے موقع پر ایک مختصر فلم’’چشم نم ‘‘جس کا دورانیہ چالیس منٹ کا ہو گا ،ریلیز کریں گے انھوں نے بتایا کہ وہ اس دن کی مناسبت سے یہ فلم خود بنا رہے ہیں جس کا مقصد جسمانی طور پر کسی نہ کسی معذوری کے شکار افراد کے مسائل سے لوگوں کو آگاہی دینا ہو گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ چشم نم بینائی سے محروم دو افراد کی کہانی ہے جو معاشرے کو اپنے کرداروں سے چیلنج کریں گے۔انھوں نے کہا کہ بہت سے لوگ یہ جانتے ہی نہیں کہ ہر سال 3 دسمبر کو یوم معذوری منایا جاتا ہے اس فلم کے ذریعے اس دن کی اہمیت اجاگر ہو گی اور نابینائوں کی جانب منفی رویوں میں تبدیلی آئے گی۔چشم نم میں احسن خان کے ساتھ جاسم خان اور عامر خان ہوں گے جبکہ اسکے لئے ایک ٹائیٹل گانا بھی تیار کیا جارہا ہے جس کو شفقت امانت علی خان نے گایا ہے۔احسن خان نے کہا کہ وہ ایک ذمہ دار شہری کی طرح اپنا یہ فرض سمجھتے ہیں کہ وہ معاشرے اور معذور افراد کی بہتری کے لئے کام کریں اور اسی جذبے کے تحت وہ یہ فلم بنا رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 22/11/2016 - 13:37:47