پہلے دن ’رئیس‘ نے 21 کروڑ،’قابل‘نے 11 کروڑکمائے

جمعہ 27 جنوری 2017 17:43

پہلے دن ’رئیس‘ نے 21 کروڑ،’قابل‘نے 11 کروڑکمائے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2017ء)’رئیس‘ نے پہلے دن ’قابل‘ کو ناک آئوٹ کردیا،کنگ خان کی فلم ’رئیس‘کی کمائی 21 کروڑ روپے، ریتک کی ’قابل‘ کا بزنس 11 کروڑ روپے رہا۔’رئیس‘ میں شاہ رخ اور نوازالدین کی ایکٹنگ اور زوردار ڈائیلاگز نے دھوم مچادی ہے، ’قابل‘ کا بزنس کم رہا لیکن ریتک اور رونیت رائے کی اداکاری کو سب نے پسند کیا۔

ادھر بالی ووڈ کے کنگ خان اور پاکستان کی معروف اداکار ہ ماہرہ خان کی تھرل اور ایکشن سے بھرپور فلم ’رئیس‘ شائقین کو بھاگئی، اس فلم میں کنگ خان کی بے مثال اداکاری اور ماہرہ خان کی خوبرو شخصیت نے فلم دیکھنے والوں کو اپنا دیوانہ بنا دیا ہے۔راہول ڈھولکیا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم نے جہاں ریلیز سے قبل ہی مداحوں میں بے حد مقبولیت حاصل کر لی وہیں ریلیز کے بعد اب باکس آفس پر بھی دھماکے دار انٹری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’رئیس‘ نے پہلے ہی دن 21کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے،اس فلم میں ماہرہ خان پہلی بار بالی ووڈ کے کنگ خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ نواز الدین صدیقی بھی مرکزی کردار میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھارہے ہیں۔فلم کی کہانی عبد اللطیف نامی ڈان کے زندگی پر بنائی گئی ہے جس کی دیگر کاسٹ میں محمد ذیشان ایوب، روپندر نگرا، آریا بابر، گووندنمدیو اور انیل منگے بھی شامل ہیں۔فلم گزشتہ روز نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 27/01/2017 - 17:43:49