اداکار خیام سرحدی کی چھٹی برسی ہفتہ کو منائی جائے گی

بدھ 1 فروری 2017 15:40

اداکار خیام سرحدی کی چھٹی برسی ہفتہ کو منائی جائے گی
فیصل آباد۔یکم فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2017ء)ملک کے نامور اداکار و فنکار خیام سرحدی کی چھٹی برسی 4 فروری بروز ہفتہ کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی جبکہ اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کاانعقاد کیاجائیگا جس میں خیام سرحدی کی فنکارانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاجائیگا۔ 4فروری 2011ء کو 64 برس کی عمر میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال پا جانیوالے خیام سرحدی نے تین فلموں اک سی ڈاکو ، بوبی، مہک کے علاوہ انتہائی کامیاب ڈارمہ سیریلز وارث ، ریزہ ریزہ ، منچلے کا سودا، دہلیز ،لازوال ، سورج کے ساتھ ساتھ سمیت سینکڑوں ڈراموں میں یادگار کردار ادا کئے۔

خیام سرحدی کے والد ضیاء سرحدی فلم ڈائریکشن کے شعبہ سے وابستہ تھے جن کا خواب اپنے بیٹے کو ڈاکٹر بنانا تھا لیکن وہ بیٹے کے شوق کے ہاتھوں بے بس ہو کرانہیں ایکٹنگ ، ڈائریکشن ، پروڈکشن کے کورس کیلئے یونان بھجوانے پر مجبور ہو گئے ۔

(جاری ہے)

خیام سرحدی کو اردو پڑھنی نہیں آتی تھی لیکن انہیں انگریزی اور رومن زبانوں پر عبور حاصل تھا اس لیے ڈپلومہ حاصل کرنے کے بعد وطن واپس آ کر تھیٹر سے وابستہ ہونے پر انہیں کمال احمد رضوی اور نعیم طاہر سمیت دیگر معروف ناموں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جہاں انہیں سکرپٹ اردو رومن میں لکھ کر دیاجاتاتھا۔

بعد ازاں انہوں نے ریڈیو بھی جوائن کرلیا جہاں سے پر وڈیوسر یاور حیات انہیں ٹی وی پر لے آئے ۔خیام سرحدی کانام ڈراموں میں کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتاتھا۔ انہوں نے عطیہ اشرف اور ادا کارہ زمرد خان کی بہن صائقہ خان سے 2شادیاں کیں جن کے بطن سے ان کی تین بیٹیاں ہیں ۔مرحوم 4فروری 2011ء کو ایک ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ انہیں اچانک دل کادورہ پڑا اور وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کرے گاجبکہ پرنٹ میڈیا بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرے گا۔
وقت اشاعت : 01/02/2017 - 15:40:08