Susti - Article No. 2631

Susti

سستی - تحریر نمبر 2631

ہاں جی میں سست ہوں۔ اور یہ سستی تو بچپن سے ہی ہے۔ مثلاً میری سستی کے عالم کا اندازہ بخوبی اس بات سے لگایا جاسکتا ہے، کہ پیدا ہونے کے بعد ڈیڑھ سال تک کسی سے بات تک نہیں کی تھی

Hassan Naseer Sandhu حسن نصیر سندھو ہفتہ 14 نومبر 2020

کچھ مجھے سستی پسند بھی بہت
کچھ مجھ پہ جچتی بھی بہت
ہاں جی میں سست ہوں۔ اور یہ سستی تو بچپن سے ہی ہے۔ مثلاً میری سستی کے عالم کا اندازہ بخوبی اس بات سے لگایا جاسکتا ہے، کہ پیدا ہونے کے بعد ڈیڑھ سال تک کسی سے بات تک نہیں کی تھی۔ ویسے بھی سستی سب سے زیادہ وفادار چیز ہے۔ ایک بار آ جائے تو زندگی بھر ساتھ نبھاتی ہے۔
میں تو پیدائشی سست ہوں اور الحمدللہ  اس سستی کی وجہ سے ہر جگہ عزت ہوتی ہے۔ یہ الگ بات ہے سستی سے کبھی کہیں جانا ہی نہ ہوا۔
 بچپن میں ماسٹر صاحب نے *کاہلی* پر مضمون لکھ کر لانے کے  لیے کہا۔ میری کاپی چیک کی تو تمام صفحات خالی تھے، آخری صفحے کے نیچے لکھا تھا "اسے کہتے ہیں کاہلی"۔ اس کے بعد ماسٹر صاحب  نے جو میرے ساتھ جو سلوک کیا، اس سے کالی آندھی کی ٹیم کا سلوک پاکستانی ٹیم سے یاد آ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ایک دفعہ والد صاحب ڈاکٹر صاحب کے پاس لے گئے۔ میں نے ڈاکٹر سے کہا: میں نے تو سنا تھا کھیلنے سے سستی ختم ہو جاتی ہے، پر مجھے کوئی فرق نہیں پڑا۔ ڈاکٹر: کونسا کھیل کھیلتے ہو۔؟ میں: چڑی اڈی، کان اڈا۔ ڈاکٹر نے مشکوک نظروں سے مجھے اور حیرت زدہ نگاہ سے میرے والد کو دیکھا. خیر میں  اپنی روایتی سستی کی وجہ سے ڈاکٹر کی فیس ادا نہ کرسکا۔ تو ڈاکٹر نے دوبارہ بل بھیجا۔
جس پر لکھا تھا۔ آج اس بل کو پورا ایک سال ہوگیا ہے اور آپ نے آج تک  ادائیگی نہیں کی۔ میں نے جواب میں یہ لکھ کر بھیجا، آپ کو بل کی سالگرہ مبارک۔
میرا آج لکھنے کا مقصد یہ ہے۔ کہ اگر آپ سست ہیں، تو خوش ہیں اور جو چست ہیں وہ بھی لاک ڈاؤن میں سست ہیں۔ ویسے بھی سڑک پر جا بجا لکھا نظر آتا ہے، تیز رفتاری ہمیشہ حادثے کا باعث بنتی ہے۔ ویسے تو زندگی بھی ایک حادثہ ہے جس میں ہر چیز اڑی، بچپن میں چڑی اڑی، کوا اڑا، جوانی میں نیند اڑی، چین اڑا، بڑھاپے میں بال اڑے، دانت اڑے، پر یہ کمبخت سستی نہ اڑی۔
جس کا ہمیں غم نہیں کیونکہ چست لوگوں کو بچپن میں خواہش، جوانی میں خواب، ادھیڑ عمر میں ضرورتیں اور بڑھاپے میں میں ضرورت سونے نہیں دیتیں۔  ویسے بھی چست تو جاگتا ہے راتوں کو بھی، ہاں  سست کی سکون کی آنکھ لگتی ہے۔
 ویسے بھی اگر آپ غور کریں تو پتہ چلتا ہے، انسان کو پیدا دوسروں نے کیا، تعلیم دوسروں نے دی، کام کرنا بھی دوسروں نے سکھایا، شادی پر رشتہ بھی دوسروں سے جوڑا، آخر میں قبرستان بھی دوسرے  لےگئے، تو چستی کا کرنا کیا ہے؟؟؟ ویسے بھی سستی تب تک چلتی ہے، جب تک چستی نہیں آتی اور چست آدمی چائے کی چسکی کا وہ مزہ نہیں لے سکتا جو سست لیتا ہے۔
تو کیا فائدہ ایسی چستی کا۔؟؟؟ سست آدمی کچھ کرسکے یا نہ کر سکے، مگر چائے میں بسکٹ ڈبو کر سہی سلامت نکال لیتا ہے اور جو یہ کر سکتا ہے وہ کچھ بھی کر سکتا ہے۔

Browse More Urdu Columns