ہمیشہ سے ضدی رہی ہوں ،بچپن سے لیکر آج تک عادت موجود ہے ‘جویریہ عباسی

پہلی ڈرامہ سیریل کے سیٹ پر کھانے کے پیسے نہیں ہوتے تھے ، زارا اکبر کھانا کھلاتی تھیں ‘انٹرویو

بدھ 20 فروری 2019 13:38

ہمیشہ سے ضدی رہی ہوں ،بچپن سے لیکر آج تک عادت موجود ہے ‘جویریہ عباسی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) اداکارہ جویریہ عباسی نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ سے ضدی رہی ہوں اور بچپن سے لیکر آج تک یہ عادت موجود ہے ، ہمارے خاندان میں شوبز انڈسٹری سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں تھا ،میرے والدہ حکیم اور والد رائٹر تھے ،میری والدہ کی خواہش تھی کہ میں بھی حکمت کی طرف آئوں مگر مجھے معجونوں کے نام یاد نہیں ہوتے تھے اور اسی وجہ سے میں حکمت کی طرف نہ آسکی ۔

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ٹی وی پر ایکٹنگ چیلنج کا پروگرام شروع ہوا جس کی میزبانی نائلہ جعفری کر رہی تھیں ،میں نے شو میں حصہ لیا اور بلآخر اس مقابلے کی فاتح قرار دی گئی ۔ جویریہ عباسی نے کہا کہ میں نے پہلی ڈرامہ سیریل پروڈیوسر اقبال لطیف کے ساتھ کی جس کی رائٹر فاطمہ ثریا بجیہ تھیں اور میرے ساتھ صائمہ قریشی نے بھی اپنے کریئر کا آغاز کیا ،اس وقت ہمارے پاس ایک سو روپیہ ہوا کرتا تھا جو ہمارے گھر سے سیٹ اور سیٹ سے گھر جانے کاکرایہ ہوتا تھا اس میں سے ہم اپنے کھانے کیلئے پیسے نہیں نکال سکتے تھے ،اس ڈرامہ سیریل میں زارا اکبر سیٹ پر کھانا منگواتی تھیں اور وہ زبردستی مجھے اور صائمہ قریشی کو اپنے ساتھ کھانا کھلاتی رہیں ہم نو ماہ تک انکی میزبانی سے استفادہ حاصل کرتے رہے ،زارا اکبر کے اس عمل نے مجھے بڑا متاثر کیااور آج بھی میں انکا بڑا احترام کرتی ہوں اور اس دور میں بس پر سفر کیا کرتی تھی اور جب ڈرامہ سیریل ’’دہلیز ‘‘ میں میری شناخت بنی تو اس کے بعد آٹو گراف لینے والوں کی لمبی قطار ہوا کرتی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کل میری ایک ڈرامہ سیریل ’’ببن خالہ کی بیٹیاں ‘‘ بڑی مقبول جا رہی ہے اس میں مجھے پہلی مرتبہ فلمسٹار صائمہ نور کے ساتھ کام کرنے کا خوشگوار تجربہ ہوا۔
وقت اشاعت : 20/02/2019 - 13:38:10

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :