گلوکارہ رابی پیرزادہ نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لی

رابی پیرزادہ نے ٹویٹر پیغام میں مداحوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 4 نومبر 2019 14:05

گلوکارہ رابی پیرزادہ نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 نومبر 2019ء) : پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق رابی پیرزادہ نے ٹویٹر پیغام میں مداحوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ میں رابی پیرذادہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہوں ۔

اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے۔ اور میرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے قرآن پاک کی ایک آیت (وَتُعِزُ مَن تَشَاء وَتُذِلُ مَن تَشَاء) کا بھی حوالہ دیا ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ٹویٹر پیغام میں رابی پیرزادہ نے کہا تھا کہ میں جیسی ہوں ویسا ہونے کے لیے معذرت۔
جبکہ غیر اخلاقی ویڈیوز اور تصاویر لیک ہونے کے بعد رابی پیرزادہ نے کہا تھا کہ ذاتی ویڈیوز لیک ہونے کے بعد سوچتی ہوں مر جاؤں، اب انہیں اندازہ ہوا کہ ریپ کی شکارلڑکیاں خود کشی کیوں کرتی ہیں، یہ معاشرہ مجھے بھی مار دینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے نیلم منیر کے آئٹم سانگ کا دفاع کرنے پر رابی پیرزادہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو مخاطب کرتے ہوئے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ ہم سب غلطیاں کرتے ہیں لیکن اس کا اعتراف کرنے سے نہیں گھبراتے یا اس طرح سے ان کی وضاحت نہیں کرتے۔ ساتھ ہی انہوں نے ''چھوٹی سی بات'' کا ہیش ٹیگ بھی دیا۔
جس کے بعد ٹویٹر پر ان کی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔

جس پر سوشل میڈیا صارفین نے قیاس آرائیاں اور تبصرے شروع کر دئے تھے۔ غیر اخلاقی ویڈیوز وائرل ہونے پر گلوکارہ رابی پیرزادہ نے سائبر کرائم سیل کو درخواست دی تھی۔ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے درخواست میں سوشل میڈیا سے ویڈیوز ہٹانے کی استدعا کی جس کے بعد ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل نے گلوکارہ رابی پیرزادہ کی درخواست پر کارروائی کا آغاز کر دیا تھا۔ اس حوالے سے گلوکارہ رابی پیرزادہ نے کہا تھا کہ میری ذاتی تصاویر اور ویڈیوز میرے اُس سمارٹ فون میں موجود تھیں جو میں نے کچھ عرصہ پہلے فروخت کر دیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ جہاں میں نے یہ موبائل فروخت کیا ان کے خلاف بھی درخواست دے دی ہے۔
وقت اشاعت : 04/11/2019 - 14:05:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :