’’کچھ یادیں،کچھ باتیں‘‘ کی پانچویں نشست میں نامور ادیب،شاعر امجد اسلام امجد کی شرکت

جمعہ 24 جنوری 2020 17:39

’’کچھ یادیں،کچھ باتیں‘‘ کی پانچویں نشست میں نامور ادیب،شاعر امجد اسلام امجد کی شرکت
لاہور۔24 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں ماہانہ ادبی وثقافتی سلسلے ’’کچھ یادیں،کچھ باتیں‘‘ کی پانچویں نشست کا انعقاد کیا گیا۔جس میں نامور ادیب،شاعر، ڈرامہ نویس اور صحافت کے شعبے کی معتبر شخصیت امجد اسلام امجد نے اپنے فن،خیالات و افکار اور زندگی کے مشاہدات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔

چیئرپرسن بورڈ آف گورنر لاہور آرٹس کونسل الحمرا منیزہ ہاشمی نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امجد اسلام امجدزبان و ادب کا اہم حوالہ اور دنیا میں پاکستان کی پہچان ہیں،انکی شاندار خدمات کے باعث شاعری کا موجودہ دور امجد اسلام امجد کے نام سے منسوب کیا جائیگا،امجد اسلام امجد کو ترکی کی طرف سے نجیب فاضل ایواڈر ملنے سے ہمار ا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امجد اسلام امجد نے ہمارے سماجی، ثقافتی و تہذیبی سفر کو جو خوبصورتی بخشی ہے وہ نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے،امجد اسلام امجد نے اپنے قلم سے سچا اور کھرا ادب تخلیق کیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ اس ادبی و ثقافتی سلسلے کا مقصد نوجوانوں کو اپنے لیونگ لیجنڈکے تجربات سے استفادہ کرنے کاموقع فراہم کرنا ہے،’’کچھ یادیں،کچھ باتیں‘‘کی ماہانہ نشست کے ذریعے نوجوانوں کی سماجی، ادبی، اخلاقی وتدرسی راہنمائی کی جا رہی ہے۔

نامور ادیب وشاعر امجد اسلام امجد نے کچھ یادیں،کچھ باتیں کے نشست میں مدعو کرنے پر چیئرپرسن منیزہ ہاشمی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نجیب فاضل ایوارڈمجھے نہیں پاکستان کو ملا ہے،ہرانسان میں کوئی نہ کوئی خوبی ضرور ہوتی ہے، جن معاشروں میں ان خوبیوں کو پرکھنے کا رواج ہوتا ہے وہاں ٹیلنٹ ضائع نہیں ہوتا،میرے اساتذہ نے میری رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا،آپ اپنا کام پوری دیانتداری سے کریں وہ ضرور قبولیت کا درجہ حاصل کریگا۔نشست کے آخر پر امجد اسلام امجد نے نوجوانوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔
وقت اشاعت : 24/01/2020 - 17:39:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :