فخر عالم کی ماسک کی ذخیرہ اندوزی نہ کرنے کی التجا، وڈیو پیغام جاری

جمعہ 28 فروری 2020 14:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2020ء) گلوکار فخر عالم نے ماسک کو ذخیرہ کرنے والوں کے لئے وڈیو پیغام جاری کر دیا۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس وقت کورونا وائرس کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں، پوری دنیا کی طرح ہمیں بھی اس چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ہمیں پریشان ہونے کی بجائے احتیاط برتنی ہو گی لیکن ساتھ میں وہ تمام لوگ جو ماسک کا کاروبار کر رہے ہیں جو ذخیرہ اندوزی کر رہے ہیں، جنہوں نے قیمتیں بڑھا دی ہیں،یہ بہت افسوس کی بات ہے،انہوں نے کہا کہ ایسا کر کے آپ لوگوں کو اس چیز سے محروم کر رہے ہیں جس سے اس بیماری کو روکا جاسکتا ہے، انہون نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ تھوڑا سا منافع کما کر آپ اپنے گھر والوں کو، بچوں کو کھلا پلا سکیں گے یا کوئی نئی چیز خرید کر دے دیں گے، اس طرح کرنے سے یہ بیماری پورے شہر میں پھیل جائے، کیا اس سے آپ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بیماری آپ کے گھر پر بھی دستک دے سکتی ہے، خدا نخواستہ آپ کے بچوں تک پہنچ سکتی ہے، اس وقت تو آپ کی طرف سے لوگوں کو ماسک بانٹنے چاہیں، ایک دوسرے کا خیال رکھنے کے بجائے آپ ذخیرہ اندوزی کر رہے ہیں،انہوں نیکہا کہ آپ اپنی آخرت کے بارے میں ہی سوچ لیں، آپ پروردگار کو کیا بولیں گے کہ آپ نے قیمتیں بڑھا دیں تاکہ اپنے گھر والوں کا خیال رکھ سکیں، آپ لوگ خدا کا خوف کریں،آخر میں انہوں نے کہا ہمیں بحیثیت قوم مل کر اس چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا، ان فضول حرکتوں سے گریز کریں، میری آپ سب سے التجا ہے کہ ایسا مت کریں۔
وقت اشاعت : 28/02/2020 - 14:35:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :