سنجے دت کی کینسر کو شکست دینے کی تصدیق

پچھلے کچھ ہفتے میرے اور میرے گھر والوں کے لیے بہت مشکل رہے‘سنجے دت

جمعرات 22 اکتوبر 2020 12:16

سنجے دت کی کینسر کو شکست دینے کی تصدیق
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے کینسر کو شکست دے دی جس کی تصدیق انہوں نے خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کی ہے۔سنجے دت نے یہ خبر اپنے بچوں کی سالگرہ کے موقع پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کچھ ہفتے میرے اور میرے گھر والوں کے لیے بہت مشکل رہے۔ لیکن جیسا کہتے ہیں نا کہ خدا سب سے مشکل جنگ اپنے سب سے بہادر سپاہی کو ہی دیتا ہے، اور آج میرے بچوں کی سالگرہ کے موقع پر میں بہت خوش ہوں کہ میں اس لڑائی سے فاتح ہوکر لوٹا ہوں اور انہیں بہترین تحفہ دینے کے قابل ہواہوں، جو میں دے سکتا ہوں، صحت اور اپنے خاندان کی فلاح۔

سنجے دت نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا یہ سب آپ کے غیر متزلزل یقین اور تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔

(جاری ہے)

میں اپنی فیملی، دوستوں اور ان تمام مداحوں کا شکر گزار ہوں جو میرے ساتھ کھڑے رہے اور اس مشکل وقت میں میری طاقت بنے۔ آپ سب کی محبت، احسان اور بے شمار دعاؤں کا بے حد شکریہ، جو آپ نے میرے لیے بھیجیں۔سنجے دت نے اپنی ڈاکٹر، ان کی ٹیم، نرسز اور ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال کے میڈیکل اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان تمام لوگوں نے پچھلے کچھ ہفتوں میں میرا بے حد خیال رکھا۔

اس خوبصورت پیغام کے ساتھ سنجے دت نے کہا یہ خبر آپ سب کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے میرا دل تشکر کے ساتھ بھر گیا ہے، شکریہ۔‘‘واضح رہے کہ سنجے دت کو رواں سال اگست میں اسٹیج 4 کے پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی لیکن انہوں نے اپنی بیماری سے متعلق لوگوں کو کچھ بھی نہیں بتایاتھا۔ تقریباً ایک ہفتے قبل سنجے دت نے کینسر سے متعلق پہلی بار بات کرتے ہوئے کہا تھا میری زندگی میں نئے زخم نے انٹری دی ہے جسے میں جلد ہی شکست دے دوں گا۔
وقت اشاعت : 22/10/2020 - 12:16:54

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :