سعودی عرب کے فلم فیسٹیول میں 11 فلموں کو نمائش کیلئے منتخب کرلیا گیا

ہفتہ 21 نومبر 2020 16:20

سعودی عرب کے فلم فیسٹیول میں 11 فلموں کو نمائش کیلئے منتخب کرلیا گیا
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) سعودی عرب کے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ملک کے ابھرتے ہوئے سنیماء ٹیلنٹ کی نمائش کے پروگرام کے تحت 11 خصوصی فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ فلمیں 2 ہفتے کے دورانئے میں فیسٹیول کے منتخب کردہ یوٹیوب چینل پر آن لائن دکھائی جائیں گی۔تجریب پروگرام کے تحت یہ ایونٹ افتتاحی طور پر منتخب کیا گیا ہے تاکہ فلم سازوں کو رکاوٹوں سے آزاد کیا جائے اور وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکیں۔

ان 11 فلموں کو 18 سے 30 نومبر کے درمیان ڈیجیٹل اسکریننگ کے لیے پیش کیا جائے گا اور ہر فلم ایک ہفتے کے دورانیے تک آن لائن دستیاب ہوگی۔اس فیسٹیول میں شامل فلموں میں عبداللہ بن ہمدہ کی ہدایت کاری میں بنی فلم 'شیم'، قمر عبدالمالک کی فلم 'اے ڈی آئی واے آف ڈریم 101'، اسد بداوی کی فلم 'نان سیلف پورٹریٹ'، لولوہ الدہیمی کی فلم 'ایکسٹریکشن آف لیونر' شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایمن العلی کی فلم 'دی ٹائم ہیس کم'، احمد الحساوی کی فلم 'الگری'، مودی الزامل کی فلم 'ڈیزونینس'، رزان الصغیر کی فلم 'آ بریتھ'، محمد حماد کی فلم 'ریمیبر می'، حیدر داؤد کی فلم 'کلر آف سن سیٹ' اور انہار سالم کی فلم 'دی سلیپ سن اسٹیشن' شامل ہیں۔عبدالمحسن الدبان کی ہدایت کاری میں اور محمد الحمود کی پروڈیوس کی گئی فلم 'لاسٹ وزٹ' بھی سعودی عرب کے سنیماؤں میں دکھائی جائیگی۔

یہ لبنان کی فلم کمپنی ایم سی ڈسٹری بیوشن اور سعودی عرب کے سین ویوز فلمز کی جانب سے اور ریڈ سی فلم فیسٹیول کے تعاون سے پیش کی جارہی ہے۔'لاسٹ وزٹ' کا ورلڈ پریمیئر جمہوریہ چیک میں ہونے والے کارلووی ویری انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کیا گیا تھا، جہاں اس فیسٹیول میں حصہ لینے والی یہ پہلی عرب فلم تھی۔اس فلم نے ماراکیچ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں جیوری پرائز بھی حاصل کیا ہے۔

فلم میں ناصر نامی ایک شخص کی کہانی بیان کی گئی ہے جو اپنے قریب المرگ والد کی بیماری کا سن کر شادی کی تقریب میں جانے کا پروگرام منسوخ کرتا ہے، ناصر کا کردار اسامہ القیس نے ادا کیا ہے۔اس میں دکھایا گیا ہے ناصر اپنے بیٹے ولید کے ساتھ والد کی تیمارداری کے لیے قریبی قصبے میں جاتا ہے، جہاں کا رہن سہن ناصر اور ان کے بیٹے ولید کے لیے بالکل مختلف ہے۔
وقت اشاعت : 21/11/2020 - 16:20:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :