برصغیر کی معروف گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی 20ویں برسی 23دسمبر کو منائی جائے گی

ہفتہ 19 دسمبر 2020 12:00

برصغیر کی معروف گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی 20ویں برسی 23دسمبر کو منائی جائے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2020ء) برصغیر کی معروف گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی 20 ویں برسی 23دسمبر کومنائی جائے گی ۔اس سلسلے میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ان کے عزیز و اقارب اور فلمی دنیا سے و ابستہ شخصیات بھی شریک ہوں گی ۔ملکہ ترنم نور جہاں 21ستمبر 1925ء کو عظیم صوفی شاعر بلھے شاہ کی دھرتی قصور میں پیدا ہوئیں ،انہوں نے اسٹیج اداکاری سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ۔

ملکہ ترنم نور جہاں کا اصل نام اللہ وسائی تھا جبکہ نور جہاں ان کا فلمی نام تھا ۔انہوں نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اداکاری میں بھی اپنے جوہر دکھائے انہوں نے ایک موسیقار گھرانے میں آنکھ کھولی اس لیے موسیقی انہیں وراثت میں ملی ملکہ ترنم نور جہاں نے اپنے فنی کیرئیر کے دوران اردو، ہندی، پنجابی اور سندھی سمیت مختلف زبانوں میں تقریباً دس ہزار گانے ریکارڈ کرائے جو ایک منفردریکارڈ ہے ۔

(جاری ہے)

نورجہاں کو اداکاری اور گلوکاری کے شعبے میں ان کی شاندار صلاحیتوں کے اعتراف میں صدارتی ایوارڈ دیا گیا۔انہوں نے 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران قومی نغمے بھی گائے جو کہ ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم حصہ ہیں۔ملکہ نور جہاں کی خوبصورت اور کانوں میں رس گھولنے والی آواز کی وجہ سے انہیں ملکہ ترنم کا خطاب ملا ۔میڈم نور جہاں 23دسمبر 2000 ء کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھیں ۔ا ن کی برسی کے موقع پر پرنٹ میڈیا میں خصوصی اشاعت ہو گی جبکہ الیکٹرانک میڈیا میں بھی ان کے حالات زندگی اور کیئرئیر پر رپورٹس نشر کی جائیں گی۔
وقت اشاعت : 19/12/2020 - 12:00:03

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :