ٹی وی ون کا دل نا امید تو نہیں ۔۔ معاشرتی مسائل پر بنائی گئی ڈرامہ سیریل۔ مقبولیت کے نئے ریکارڈ

پرائیویٹ ٹی وی چینل ”ٹی وی ون“ سے پیر 18جنوری کورات 8بجے ایک ایسے ڈرامہ سیریل کا آغاز ہوا ہے جس نے پہلے بریک سے پہلے ہی ناظرین کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی

جمعہ 22 جنوری 2021 12:11

ٹی وی ون کا  دل نا امید تو نہیں ۔۔ معاشرتی مسائل پر بنائی گئی ڈرامہ سیریل۔ مقبولیت کے نئے ریکارڈ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2021ء) پرائیویٹ ٹی وی چینل ”ٹی وی ون“ سے پیر 18جنوری کورات 8بجے ایک ایسے ڈرامہ سیریل کا آغاز ہوا ہے جس نے پہلے بریک سے پہلے ہی ناظرین کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی،جوں جوں پہلی قسط آگے بڑھتی رہی تجسس بھی بڑھتا گیا۔فیض صاحب کے مشہور شعر
دل نا اُمید تو نہیں نا کام ہی توہے ۔۔۔  لمبی ہے غم کی شام،مگر شام ہی تو ہے
کے پہلے مصرعے کو اس ڈرامہ سیریل کا مرکزی خیال اور ٹائٹل بنایا گیا ہے۔

جس طرح فیض صاحب نے اپنی شہرہ آفاق نظم  ”مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ“ میں بڑے کرب سے معاشرتی مسائل کی عکاسی کرتے ہوئے سماج کو متوجہ کیا تھا کہ ۔۔۔ لوٹ جاتی ہے اُدھر کو بھی نظر کیا کیجئے
آمنہ مفتی نے بھی خواص اور عوام کی نظریں معاشرے کے مظلوم کرداروں اور گھناؤنے مسائل کی طرف مبذول کروائی ہیں۔

(جاری ہے)

اس سیریل کے پروموز اور پہلی قسط سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس میں چائلڈ ابیوز،چھوٹی بچیوں کی شادی، عصمت فروشی اور”فقیر مافیا“کی لعنتوں کو اُجاگر کیا گیا ہے۔

ٹی وی ون نے اس بار زیادہ بے باکانہ انداز میں ایسا منفرد ڈرامہ سیر یل پیش کرکے سماجی ذمے داری اور اخلاقی جرأت کا مظاہر ہ کیا ہے۔موضوع کی اہمیت کے ساتھ ساتھ آمنہ مفتی کی اس زبردست کاوش کی ڈرامائی تشکیل میں بھی بھرپور مصالحہ استعمال کیا گیا ہے۔
اس کی کاسٹ میں یمنیٰ زیدی، نعمان اعجاز، نوید شہزاد، عمیررانا، وہاج علی اور عدنان شاہ ٹیپو جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

جبکہ کاشف نثار جیسے بہترین ڈائریکٹر نے اپنی صلاحیت کا بھر پور مظاہرہ کیا ہے۔کہتے ہیں کہ ”پوت کے پاؤں پالنے میں ہی نظر آجاتے ہیں“۔۔۔سو اس ڈرامائی پوت کے پاؤں بھی پہلی قسط کے پالنے میں نظر آگئے ہیں۔
ٹی وی ون کے نئے ڈرامہ سیریل ”دل نا اُمید تو نہیں“کی پہلی قسط نے ہی تہلکہ مچا دیا ہے۔گزشتہ چار دن سے یہ ٹرینڈنگ پر ہے۔لاکھوں افراد یہ قسط دیکھ چکے ہیں اور بین الاقوامی طور پر بھی اسے خاصی پزیرا ئی ملی ہے۔

”دل نا اُمید تو نہیں“کو ملنے والی زبردست میڈیا ہائپ نے پہلی قسط نشر ہونے سے پہلے ہی متعدد بلاگرز،پبلیکیشنز اور عوام کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی تھی۔ لانچ سے پہلے ہی اس کے سنسنی خیز ٹیزرز اور پھر پروموز نے ناظرین کی آتشِ شوق کو بھڑکا دیا تھا۔
یہ ایک ایسی کہانی لگتی ہے جس کی کئی تہیں ہیں اور یہ معاشرے کے تاریک پہلو کی عکاسی کرتی ہے۔

اس میں کئی کہانیاں ایک ساتھ چل رہی ہیں۔ڈرامے کا آغاز میڈم شمیم کے کوٹھے کی رنگین دُنیا سے ہوتا ہے جہاں کہانی کی ہیرؤین سمبل (یمنیٰ زیدی) رہتی ہے۔یمنیٰ زیدی نے ایک ایسی طوائف کا کردار ادا کیا ہے۔جو خود مختار، مضبوط اور ایک آزاد سوچ کی مالک ہے۔ دوسرا سین ایک گاؤں کا ٹریک ہے جس میں ایک غریب کمسن لڑکی اللہ رکھی ہے۔جو اپنے محنت کش باپ سے معصوما نہ باتیں کرتی ہے اور اس کا دوست جمشید ہے جو روزانہ اسکول ماسٹر اور اپنی ماں سے پٹتا ہے۔


دوسرا ٹریک ایک کرکٹ کی دیوانی لڑکی نسیم زہرہ کا ہے جس کا باپ اُس کے شوق کی راہ میں حائل ہے اور اپنے ایک لفنگے اور اوباش دوست کے بہکاوے میں آکر بیٹی کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔
پہلی قسط میں یمنیٰ زیدی، عمیر رانا،یاسرہ رضوی، نویدشہزاد، سمعیہ ممتاز اور عدنان شاہ ٹیپو کی زبردست پرفارمنس قابلِ ستائش ہے مگر خاص طور چائلڈ اسٹارز نے بھی شاندار ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔ڈرامے کے جاندار اسکرپٹ،عمدہ اداکاری اور ماہرانہ اداکاری آنے والے دنوں میں ناظرین کی بہت بڑی تعدادکو یہ ڈارمہ دیکھنے رہنے پر مجبور کردے گی۔
وقت اشاعت : 22/01/2021 - 12:11:00

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :