فلم انڈسٹری کے نامور ہدایتکار ایس سلیمان انتقال کر گئے،تدفین پرسوں ہو گی

ایس سلیمان گردوں سمیت کئی امراض میںمبتلا تھے ،بیٹے کی بیرون ملک سے آمد پر تدفین کی جائیگی

بدھ 14 اپریل 2021 11:39

فلم انڈسٹری کے نامور ہدایتکار ایس سلیمان انتقال کر گئے،تدفین پرسوں ہو گی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2021ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر ہدایت کاراور پروڈیوسر ایس سلیمان 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کی تدفین ان کے صاحبزادے کی بیرون آمد کے بعد پرسوں ( جمعہ ) کے روز کی جائے گی ۔ان کی اہلیہ معروف اداکارہ زری پناکے مطابق ایس سلیمان طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے ،وہ فالج کا شکار تھے اور انہیں ذیابیطس کا بھی مرض تھا۔

گزشتہ ایک سال سے مختلف اوقات میں نجی ہسپتال میں زیر علاج رہے ،دوروز قبل ایس سلیمان کی حالت زیادہ بگڑ گئی تھی جس پر انہیں ہسپتال داخل کرایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ایس سلیمان کی پہلی فلم ’’گلفام‘‘ 1961 میں ریلیز ہوئی، انہوں نے 60 سے زائدفلموں کی ہدایتکاری کی، ان کی فلموں میں بہاروں کی منزل ،اناڑی، زینت، باجی، اف یہ بیویاں، محبت، تصویر اور الزام ،آگ، جیسے جانتے نہیں، لوری، تیری صورت، میری آنکھیں اور انسانیت سمیت کئی فلمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایس سلیمان نے سوگوار میں بیوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔زری پنا کے مطابق ان کا بڑا بیٹا بیرون ملک مقیم ہے ان کی واپسی پرجمعہ کو لاہور کی نجی سوسائٹی میں ایس سلیمان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔شوبز شخصیات نے ایس سلمان کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے ۔ خیال رہے کہ فلم ڈائریکٹر ایس سلیمان ماضی کے اداکارسنتوش کمار اور درپن کے چھوٹے بھائی تھے۔
وقت اشاعت : 14/04/2021 - 11:39:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :