عمر شریف اور میرا 40 سال کا ساتھ تھا،ٹی وی فنکار ان کو استاد کہتے ہیں لیکن میں نے کبھی انہیں استاد نہیں ہمیشہ مرشد کہا ہے، رئوف لالہ

عمرشریف سے ملنے اسپتال گئی،انہوں نے کہا کہ سلومی ہمیشہ خوش رہنا اور اپنا بہت خیال رکھنا، یقین نہیں آرہا کہ یہ الفاظ ہمیشہ آخری ہی رہیں گے، سلومی عزیز

منگل 5 اکتوبر 2021 12:26

عمر شریف اور میرا 40 سال کا ساتھ تھا،ٹی وی فنکار ان کو استاد کہتے ہیں لیکن میں نے کبھی انہیں استاد نہیں ہمیشہ مرشد کہا ہے، رئوف لالہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2021ء) لیجنڈری کامیڈین اور اداکار عمر شریف کے ساتھی اداکار رئوف لالہ کہاہے کہ عمر شریف اور میرا 40 سال کا ساتھ تھا، میں اس وقت سے عمر بھائی کے ساتھ تھا جب وہ عمر بھائی نہیں تھے، معین اختر کے ساتھ جب انہوں نے ڈرامہ بہروپیا کیا تھا تو لوگ پوچھتے تھے کہ معین اختر کو ہم جانتے ہیں یہ دوسرا لڑکا کون جو قوال بنا ہے۔

خصوصی گفتگومیں رئوف لالہ نے کہاکہ ٹی وی فنکار ان کو استاد کہتے ہیں لیکن میں نے کبھی انہیں استاد نہیں کہا ہمیشہ مرشد کہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں کبھی کوئی ڈرامہ لکھتے ہوئے پھنس جاتا تھا تو سوتے وقت سوچتا تھا کہ عمر بھائی خواب میں آجاتے تو بتادیتے کہ ایسے کس طرح کرنا ہے اور وہ میرے خواب میں آتے تھے اور کہتے تھے کہ اس کو اس طرح کرلو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب عمر شریف اسپتال میں زیر علاج تھے تو دو مرتبہ میرے خواب میں آئے تھے، میں ان سے ملنے اسپتال گیا تھا لیکن ڈاکٹروں نے ملنے نہیں دیا۔اداکارہ سلومی عزیز نے بتایا کہ میں عمر شریف سے ملنے گئی تھی نعیمہ میرے ساتھ تھیں، دیبہ ہمیں ملانے لے گئیں جیسے ہی عمر شریف نے مجھے اور نعیمہ کو دیکھا تو مسکرا دیے۔انہوں نے اسپتال کا مزاحیہ واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے اور نعیمہ نے عمر شریف کے ماتھے پر بوسہ دیا تو دیبہ نے کہا کہ واہ عمر تمہارے تو مزے آگئے تو عمر شریف اور مسکرانے لگے۔اداکارہ نے بتایا کہ عمر شریف کے آخری الفاظ میرے ساتھ رہ گئے، عمر نے کہا کہ سلومی ہمیشہ خوش رہنا اور اپنا بہت خیال رکھنا، یقین نہیں آرہا کہ یہ الفاظ ہمیشہ آخری ہی رہیں گے۔
وقت اشاعت : 05/10/2021 - 12:26:20

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :