کنگنا رناوت کے گالوں سے اچھی سڑکیں بنانے کے اعلان پر بھارتی سیاستدان پر تنقید

میرے حلقے کی سڑکیں کنگنا کے گال کی طرح چکنی بنائی جائیں گی، سیاستدان کی گفتگو

ہفتہ 15 جنوری 2022 22:01

کنگنا رناوت کے گالوں سے اچھی سڑکیں بنانے کے اعلان پر بھارتی سیاستدان پر تنقید
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2022ء) پڑوسی ملک بھارت کے ریاستی رکن اسمبلی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے حلقے کی 14 ورلڈ کلاس سڑکیں بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے گالوں سے بھی اچھی بنوائیں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست جھارکھنڈ کی اسمبلی کے کانگریس کے رکن عرفان انصاری نے اپنے حلقے کی 14 سڑکوں کو کنگنا رناوت کے گالوں سے بھی زیادہ ہموار بنانے کا دعویٰ کیا۔

عرفان انصاری نے خود بنائی گئی ویڈیو میں دعویٰ بتایا کہ جلد ہی ان کے حلقے جماترا میں سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا۔مختصر ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے حلقے میں بنائی جانے والی تمام 14 سڑکیں ورلڈ کلاس ہوں گی اور وہ کنگنا رناوت کے گالوں سے زیادہ ہموار اور چکنی ہوں گی۔

(جاری ہے)

مذکورہ ویڈیو کو عرفان انصاری نے ابتدائی طور پر اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر اپ لوڈ کیا، جس کے بعد انہوں نے اسے ڈیلیٹ کردیا۔

سڑکوں کو کنگنا رناوت کے گالوں سے زیادہ ہموار اور چکنا بنانے کے اعلان کے بعد عرفان انصاری کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے ریمارکس کو خواتین مخالف قرار دیا گیا۔اس سے قبل بھی متعدد سیاست دان ایسے بیانات دے چکے ہیں۔گزشتہ برس نومبر میں ریاست راجستھان کے وزیر راجندر سنگھ گودھا نے بھی کہا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کے حلقے کی سڑکیں کترینہ کیف کے گال کی طرح بننی چاہئیں۔انہوں نے مذکورہ خواہش جلسے کے خطاب کے دوران ظاہر کی تھی، جہاں حلقے کے لوگوں نے وزیر سے مطالبہ کیا تھا کہ علاقے کی سڑکوں کی دوبارہ تعمیر کروائی جائے، جس پر وزیر نے کہا تھا کہ ان کے حلقے میں کترینہ کیف کے ’گال‘ کی طرح سڑکیں بنائی جائیں گی۔
وقت اشاعت : 15/01/2022 - 22:01:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :