ژالے سرحدی اور جانان حسین بھی ’’پنجرہ‘‘ کی کاسٹ میں شامل

ڈرامے کی شوٹنگ مکمل کر لی گئی‘جانان حسین پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گی

منگل 8 فروری 2022 12:46

ژالے سرحدی اور جانان حسین بھی ’’پنجرہ‘‘ کی کاسٹ میں شامل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2022ء) اداکارہ ژالے سرحدی، جانان حسین اور عمیر رانا بھی مرحومہ ڈراما ساز اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے ’پنجرہ‘ کی کاسٹ میں شامل ہوگئے۔اسما نبیل جولائی 2021 میں طویل عرصے تک بریسٹ کینسر کا شکار رہنے کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔زندگی کے آخری ایام میں اسما نبیل ’پنجرہ‘ کی کہانی لکھ رہی تھیں اور اب ان کے اس ڈرامے کی شوٹنگ بھی مکمل کرلی گئی۔

’پنجرہ‘ کی کاسٹ میں شامل ژالے سرحدی نے اداکار عمیر رانا اور جانان حسین سمیت حدیقہ کیانی کے ہمراہ شوٹنگ کے سیٹ سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عمیر رانا اور جانان حسین بھی ڈرامے کا حصہ ہیں۔انہوں نے اداکاروں کے ساتھ جو تصویر شیئر کی، اس میں جانان حسین کو پولیس یونیفارم میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ حدیقہ کیان کو روایتی انداز میں دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سینیئر اداکاروں اور دیرینہ دوستوں کے ہمراہ ’پنجرہ‘ میں کام کرنے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ اسے ریلیز کرنے کی تاریخ کا جلد اعلان ہوگا۔’پنجرہ‘ کی ہدایات نجف بلگرامی دے رہے ہیں جب کہ اسے شازیہ وجاہت نے پروڈیوس کیا ہے۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’پنجرہ’ کی کہانی کس موضوع کے گرد گھومتی ہے، تاہم خبریں ہیں کہ اس میں سماجی مسائل کو دکھایا جائے گا۔ڈرامے کی ٹیم نے حدیقہ کیانی کو کاسٹ کرنے کی تصدیق پہلے ہی کردی تھی، خبریں ہیں کہ دنانیر مبین بھی ڈرامے کا حصہ ہیں۔ڈرامے کی پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے ستمبر 2021 میں بتایا تھا کہ انہوں نے مرحومہ اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے پر کام شروع کردیا۔
وقت اشاعت : 08/02/2022 - 12:46:41

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :