ماں بننے کے بعد اقراء عزیز ٹی وی سکرین پر واپسی کیلئے تیار، ڈرامے لیلیٰ میں شوہر کے ساتھ دکھائی دیں گی

لیلیٰ کو ہانیہ امان نے پروڈیوس کیا ہے ،کاسٹ میں فیصل قریشی، گل رعنا، حسن احمد، نیر اعجاز، فائزہ افتخار اور فریحہ جبین بھی شامل ہیں، یاسر حسین

ہفتہ 13 اگست 2022 13:09

ماں بننے کے بعد اقراء عزیز ٹی وی سکرین پر واپسی کیلئے تیار، ڈرامے لیلیٰ میں شوہر کے ساتھ دکھائی دیں گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2022ء) بچے کو جنم دینے کے ایک سال بعد اداکارہ اقراء عزیز جلد ٹی وی سکرین پر جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ تقریبا تین سال بعد شوہر یاسر حسین کے ہمراہ کام کرتی دکھائی دیں گی۔دونوں اداکار ایک تھی لیلیٰ نامی مرڈر مسٹری ڈراما سیریل میں دکھائی دیں گے، جس کی ہدایات یاسر حسین دیں گے۔

ایک تھی لیلیٰ سے قبل یاسر حسین نے کوئل ڈرامے کی ہدایت کاری سے چھوٹی سکرین پر بطور ڈائریکٹر کیریئر کا آغاز کیا تھا، اس سے پہلے انہوں نے ایک گانے کی ویڈیو کی ہدایات دی تھیں۔یاسر حسین اور اقرا عزیز نے دو دن قبل انسٹاگرام پوسٹ میں شوٹنگ سیٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ایک ڈرامے میں دکھائی دیں گے۔

(جاری ہے)

یاسر حسین نے بتایا کہ ایک تھی لیلیٰ کو نجی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا، جسے ہانیہ امان نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کی کاسٹ میں فیصل قریشی، گل رعنا، حسن احمد، نیر اعجاز، فائزہ افتخار اور فریحہ جبین بھی شامل ہیں۔

ڈرامے کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ اس کی کہانی معاشرے میں خواتین کے کردار کو شک کی نگاہ سے دیکھنے اور ان کے ساتھ برا ہونے پر انہیں ہی قصور وار ٹھہرانے جیسے مسائل کے گرد گھومتی ہے۔ڈرامے کی مرکزی کہانی لیلیٰ نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ اچانک لاپتا ہوجاتی ہے، جس کے بعد پولیس اور ان کے رشتے دار اس کی باحفاظت تلاش کی کوششیں کرنے کے برعکس اس کے کردار پر باتیں کرنے لگتے ہیں۔ڈرامے میں دکھایا جائے گا کہ کس طرح پاکستانی خواتین مسائل کا شکار ہونے پر کردار کشی جیسے عذاب سے بھی گزرتی ہیں۔
وقت اشاعت : 13/08/2022 - 13:09:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :