عبادت گزار افراد بھی ڈپریشن میں مبتلا ہوسکتے ہیں، رابعہ انعم کا ریشم کو جواب

ڈپریشن ذہنی مسئلہ ہے ،علاج ضروری ہے،معاشرے میں ذہنی مسائل ،بیماریوں کو سنجیدگی سے لینے کی سخت ضرورت ہے، اینکر

جمعرات 30 مارچ 2023 18:10

عبادت گزار افراد بھی ڈپریشن میں مبتلا ہوسکتے ہیں، رابعہ انعم کا ریشم کو جواب
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2023ء) معروف اینکر اور میزبان رابعہ انعم کا کہنا ہے کہ ڈپریشن کا شکار وہ لوگ بھی ہوتے ہیں جو صوم و صلو کے پابند ہوں۔حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اداکارہ ریشم نے کہا تھا کہ جو شخص اللہ کے قریب ہو وہ ڈپریشن کا شکار نہیں ہو سکتا ڈپریشن صرف اللہ سے دوری کا نتیجہ ہے۔ریشم کے اس بیان سے سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور شوبز شخصیات سمیت صارفین نے بھی ریشم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بتایا کہ ڈپریشن باقاعدہ ایک مرض ہے اس کو اللہ کی عبادت سے نہ جوڑیں۔

نجی ٹی وی کی رمضان ٹرامیشن کی میزبان رابعہ انعم نے پروگرام کے دوران اس مسئلے پر تبصرہ کرتے ہوئے ریشم کا نام لیے بغیر اپیل کی کہ ڈپریشن کو اللہ سے دوری نہ قرار دیں کیونکہ اس کا شکار وہ لوگ بھی ہوتے ہیں جو صوم و صلو کے پابند ہوں۔

(جاری ہے)

رابعہ انعم نے بتایا کہ انہوں نے ماہرِ نفسیات سے بھی اس موضوع پر گفتگو کی ہے جن کا کہنا تھا کہ ڈپریشن ایک ذہنی مسئلہ ہے جس کا علاج ضروری ہے۔رابعہ نے یہ بھی بتایا کہ ان کے ایک قریبی رشتہ دار بھی تہجد گزار اور نماز کے پابند تھے مگر وہ ڈپریشن جیسے ذہنی مرض کا شکار ہوکر وضو کرنا بھی بھول گئے۔میزبان رابعہ انعم نے کہاکہ یہ ایک بیماری ہے اور ہمارے معاشرے میں ذہنی مسائل اور بیماریوں کو سنجیدگی سے لینے کی سخت ضرورت ہے۔

وقت اشاعت : 30/03/2023 - 18:10:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :