ہدایت کار نے پہلے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پھنسانے کی کوشش کی، میمونہ قدوس

جمعرات 3 جولائی 2025 21:23

ہدایت کار نے پہلے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پھنسانے کی کوشش کی، میمونہ قدوس
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) مقبول اداکارہ میمونہ قدوس نے انکشاف کیا ہے کہ ہدایت کار نے انہیں پہلے ہی ڈرامے میں پھنسانے کی کوشش کی جب کہ ٹیم میں شامل دیگر ارکان نے بھی ہدایت کار کا ساتھ دیا۔میمونہ قدوس نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں جنسی ہراسانی پر بات کی۔اداکارہ کا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پہلے ڈرامے کو یاد کرنا چاہتی ہیں، نہ اس پر بات کرنا چاہتی ہیں، ان کا پہلے ڈرامے کا تجربہ اچھا نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ عام طور پر لڑکیوں کو اس وقت جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب انہیں کاسٹ کرنے کے لیے ہدایت کار یا کوئی پروڈیوسر براہ راست خود رابطہ کرتا ہے۔ان کے مطابق اگر کسی اداکارہ سے ٹی وی چینل، ٹیلنٹ ایجنسی یا پروڈکشن ہاوس خود رابطہ کرے تو ان کے ساتھ ہراسانی کے واقعات ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں لیکن اگر ہدایت کار خود رابطہ کرے تو معاملات خراب ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ عام طور پر بڑا ہدایت کار بھی رابطہ کرے تو کوئی معاملہ نہیں ہوتا لیکن بعض چھوٹی ذہنیت کے ہدایت کاروں کی جانب سے رابطہ کرنے پر مسائل ہوتے ہیں۔میمونہ قدوس کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ پہلے ہی ڈرامے کی شوٹنگ پر غلط ہوا، انہیں ایسا لگا کہ پوری ٹیم انہیں پھنسانے کے چکر میں ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ہدایت کار سمیت سب لوگوں کی یہی کوشش تھی کہ بچی کو پھنسایا جائے اور ایسا لگ رہا تھا کہ پوری ٹیم ہدایت کار کا ساتھ دے رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پہلا ڈراما پلے ٹی وی نامی چینل کے لیے کیا تھا، جس کی شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ نامناسب واقعات پیش آئے اور انہیں ایسا لگا کہ ہدایت کار انہیں پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اگرچہ میمونہ قدوس نے بتایا کہ ان کا پہلا ڈراما پلے ٹی وی کے لیے بنایا گیا لیکن انہوں نے ڈرامے کا نام بتایا، نہ ہی ہدایت کار سے متعلق کوئی بات بتائی، البتہ کہا کہ انہیں پھنسانے کی کوشش کی گئی۔
وقت اشاعت : 03/07/2025 - 21:23:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :