حدیقہ کیانی کی سیلاب متاثرین کے لیے عطیات اور میڈیکل رضاکاروں کی اپیل

پیر 8 ستمبر 2025 16:52

حدیقہ کیانی کی سیلاب متاثرین کے لیے عطیات اور میڈیکل رضاکاروں کی اپیل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)گلوکارہ حدیقہ کیانی نے قصور کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے امدادی سامان اور میڈیکل رضاکار فراہم کرنے کی اپیل کی تاکہ وہاں انسانی جانوں اور مویشیوں کو بچایا جا سکے۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو فوری طور پر خوراک، کپڑوں، بستر اور ادویات کی ضرورت ہے، سردیوں میں جیکٹس اور کمبل بھی ناگزیر ہوں گے۔

انہوں نے ڈاکٹروں کو دعوت دی کہ وہ متاثرہ علاقے میں کیمپ لگائیں، جہاں لوگ ملیریا جیسی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔علاقے کے مویشیوں کی حالت پر روشنی ڈالتے ہوئے حدیقہ کیانی نے کہا کہ زیادہ تر مویشی سیلاب میں بہہ گئے ہیں، جس سے لوگ اپنے قیمتی اثاثوں اور روزگار سے محروم ہوگئے ہیں اور جو مویشی باقی بچے ہیں، انہیں چارہ، ادویات اور ویٹرنری کیئر کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عطیات لاہور کے ڈولمن مال میں ان کی ٹیم کے قائم کردہ کلیکشن پوائنٹ پر جمع کروائے جا سکتے ہیں، جو مال کے داخلی دروازہ نمبر 2 پر قائم ہے اور وہاں نقد رقم اور سامان دونوں وصول کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ دیگر کلیکشن پوائنٹس لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم، شیخوپورہ کے سرکٹ ہاؤس، قصور کے ڈسٹرکٹ پبلک اسکول اور ننکانہ صاحب کے گورنمنٹ گورو نانک کالج میں قائم کیے گئے ہیں، جو عطیہ دہندگان ذاتی طور پر نہیں پہنچ سکتے وہ آرمی ریلیف فنڈ فار فلڈ ایفیکٹیز میں بینک ٹرانسفر کے ذریعے عطیات بھیج سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 08/09/2025 - 16:52:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :