ڈکی بھائی نے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجے جانے کے بعد ضمانت کی درخواست دائر کردی

منگل 9 ستمبر 2025 16:07

ڈکی بھائی نے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجے جانے کے بعد ضمانت کی درخواست دائر کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء) سوشل میڈیا پر جوئے کی ترغیب دینے اور فحش مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار یوٹیوبر سعد الرحمن المعروف ڈکی بھائی نے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجے جانے کے بعد ضمانت کی درخواست دائر کردی۔عدالتی ریمانڈ کے بعد یوٹیوبر کے وکیل ایڈووکیٹ چوہدری عثمان علی نے فوجداری ضابطہ کار کی دفعہ 497 کے تحت بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ان کے خلاف درج ایف آئی آر جھوٹی اور بے بنیاد ہے، جو بدنیتی اور انہیں بدنام کرنے کے مقصد سے درج کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی آر میں درج کسی بھی ایپلی کیشن کو اس وقت حکومت نے غیر قانونی قرار نہیں دیا تھا جب ان کی تشہیر کی گئی تھی اور نہ ہی تفتیشی اداروں نے کوئی ثبوت پیش کیا ہے جو جعلسازی، دھوکہ دہی، اسپامنگ یا اسپوفنگ کو ثابت کرے۔

(جاری ہے)

مزید کہا گیا کہ ایف آئی آر میں شامل دفعات 294-بی اور 420تعزیراتِ پاکستان میں قابلِ ضمانت ہیں اور کوئی بھی مالی نقصان اٹھانے والا متاثرہ شخص عدالت میں پیش نہیں ہوا۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ یوٹیوبر کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے، وہ ملک سے فرار کا ارادہ نہیں رکھتے اور ضمانتی بانڈ جمع کرانے کو بھی تیار ہیں۔عدالت نے ضمانت کی درخواست پر این سی سی آئی اے کو 12ستمبر کے لیے نوٹس جاری کردیا ہے۔

خیال رہے کہ ڈکی بھائی کے خلاف مقدمہ 17اگست کی نصف شب این سی سی آئی اے لاہور کی جانب سے ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں دفعہ 13(الیکٹرانک جعلسازی)، دفعہ 14(الیکٹرانک فراڈ)، دفعہ 25(اسپیم)اور دفعہ 26(اسپوفنگ)شامل ہیں۔اس کے علاوہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 294-بی اور 420کے تحت بھی الزامات عائد کیے گئے۔یہ مقدمہ 13جون کی ایک انکوائری سے متعلق ہے جو مستند ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع پر درج کیا گیا تھا کہ کچھ یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز اپنے مالی فائدے کے لیے عوام میں جوا اور بیٹنگ ایپلیکیشنز کی تشہیر کر رہے ہیں۔

این سی سی آئی اے کی حراست میں یوٹیوبر 22دن تک رہے، ان کا آخری ریمانڈ 3ستمبر کو دیا گیا تھا جو 5ستمبر کو ختم ہوگیا۔این سی سی آئی اے نے کئی دیگر مشہور انفلوئنسرز کو بھی باضابطہ نوٹس جاری کیے ہیں، جن میں یوٹیوبر رجب بٹ، ٹک ٹاکر اقرا کنول اور کانٹینٹ کریئیٹر محمد انس علی شامل ہیں، جنہیں تفتیشی حکام کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 09/09/2025 - 16:07:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :