اداکارہ سِینا مِلرکامرد اداکار سے کم معاوضہ ملنے پر ڈرامے میں کام سے انکار

جمعہ 16 اکتوبر 2015 11:51

اداکارہ سِینا مِلرکامرد اداکار سے کم معاوضہ ملنے پر ڈرامے میں کام سے انکار

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اکتوبر۔2015ء)ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سِینا مِلر کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایک ڈرامہ اس لیے ٹھکرا دیا کیوں کہ اْنھیں اْن کے ساتھی مرد اداکار کے مقابلے میں کم معاوضے کی پیشکش کی جا رہی تھی۔انھوں نے ای نیوز نامی ویب سائٹ کو بتایا کہ ’بدقسمتی سے ہمیں اپنے تخلیقی خوابوں کی قیمت چْکانے کے لیے یہ کرنا پڑ رہا ہے۔

‘ ان کا کہنا تھا: ’مجھے اْس ڈرامے کو چھوڑنا پڑا ہے جسے میں کرنے کی خواہش مند تھی کیونکہ مجھے اپنے ساتھی مرد اداکار کے مقابلے میں نصف سے بھی کم معاوضے کی پیشکش کی جا رہی تھی۔مِلر نے پروڈکشن ہاوٴس کا نام نہیں بتایا۔ اْن کا یہ بیان ہالی وڈ اداکارہ جینیفر لورنس کے ہالی وڈ انڈسٹری میں صنفی امتیاز برتنے سے متعلق مضمون لکھنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

لورنس نے گذشتہ سال سونی پکچرز کی خفیہ ای میلز سامنے آنے کے بعد تحریری شکل میں غصے کا اظہار کیا تھا۔ ان ای میلز سے معلوم ہوا تھا کہ اْنھیں اپنے ساتھی مرد اداکاروں کے مقابلے میں کم معاوضے کی ادائیگی کی گئی۔ایک ای میل میں انکشاف ہوا کہ ہالی وڈ کی فلم ’امیریکن ہسل‘ میں جینیفر لورنس اور ان کی ساتھی اداکارہ ایمی ایڈمز کو ان کے ساتھی مرد اداکاروں کی نسبت خاصا کم معاوضہ ادا کیا گیا تھا۔

ہالی وڈ کی معروف شخصیت لینا ڈنہم کی ویب سائٹ ’لینی‘ پر شائع ہونے والے ایک مضمون میں لورنس نے کہا کہ ’مجھے سونی پکچرز پر غصہ نہیں آیا تھا، مجھے اپنے آپ پر غصے آیا تھا۔ مذاکرات کرنے والی شخصیت کی حیثیت سے یہ میری ناکامی تھی کیونکہ میں نے جلد ہی ہار مان لی تھی۔وہ کہتی ہیں کہ ’یہ کہنا جھوٹ نہیں ہو گا کہ میں نہیں چاہتی تھی کہ میرے لیے پسندیدگی میں تبدیلی آئے۔

یہ بات میرے فیصلوں پر اثرانداز ہوئی اور میں نے معاہدے پر زیادہ مذاکرات نہیں کیے۔ میں نہیں چاہتی تھی کہ مجھے ایک ”مشکل“ اور ”بگڑی“ ہوئی شخصیت سمجھا جائے۔مِلر نے یہ بات چیت معروف اداکار بریڈلی کوپر اور اپنے ایک مشترکہ انٹرویو کے دوران کی۔ وہ بریڈلی کوپر کے ساتھ عنقریب آنے والی فلم’ ’برنٹ“ میں جلوہ گر ہوں گی۔

وقت اشاعت : 16/10/2015 - 11:51:51

Rlated Stars :