گلوکار اخلاق احمد کی 17 ویں برسی پرسوں منائی جائے گی

منگل 2 اگست 2016 13:14

گلوکار اخلاق احمد کی 17 ویں برسی پرسوں منائی جائے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اگست۔2016ء ) گلوکار اخلاق احمد کی 17 ویں برسی ( جمعرات ) منائی جائے گی ۔ اخلاق احمد 8اگست 1946 ء کو بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے اور بعدازاں کراچی منتقل ہو گئے ، 60کی دہائی میں کراچی کے ایک اسٹیج گروپ سے وابستہ ہوگئے جس میں ان کے ہمراہ گلوکار مسعود رانا اور اداکار ندیم بھی تھے۔یہ تینوں فنکار ان دنوں کراچی میں ہونے والے ورائٹی شوز اور میوزیکل فنکشنز میں پرفارم کرتے تھے ۔

ان کے دوست مسعود رانا تو 62ہی میں صف اول کے گلوکار بن گئے تھے، انہوں نے فلموں میں پلے بیک سنگر کے طورپر اپنا نام بنا لیا تھا جبکہ ندیم اور اخلاق احمد کو بھرپور جدوجہد کر نی پڑی اور دونوں کو ایک لمبے عرصے کے بعد کامیابی نصیب ہوئی اور پھر کامیابیاں ان کے قدم چومتے ہوئے ان کوشہرت کی بلندیوں کی طرف لے گئی ۔

(جاری ہے)

ندیم بیگ فلمی ہیرو بن گئے اوراخلا ق احمد نے بطور پلے بیک سنگر کاآغاز کردیا اور انہوں نے لاتعداد اردو اور پنجابی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا اوران کے گائے ہوئے گانے فلم کی کامیابی کی علامت تصور کئے جاتے تھے ۔

اخلاق احمد کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہوکر 4اگست 1999ء کو 53برس کی عمر میں اس دنیا فانی سے رخصت ہوگئے مگران کے گیت آج بھی لوگوں کے کانوں میں رس گھولتے ہیں ۔
وقت اشاعت : 02/08/2016 - 13:14:55