فراڈ کیس، گلوکار بلال سعیدکی ساتھیوں سمیت 5جنوری تک عبوری ضمانت منظور

بدھ 28 دسمبر 2016 22:07

فراڈ کیس، گلوکار بلال سعیدکی ساتھیوں سمیت 5جنوری تک عبوری ضمانت منظور
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے گلوکار بلال سعید اور ان کے ساتھیوں کی چھ کروڑ سے زائد کے فراڈ کے مقدمے میں5 جنوری تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔مسٹرجسٹس عبدالسمیع خان نے گلوکار بلال سعید انکے بھائی رضا سعید اور فاروق امین کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

ملزموں کی طرف سے سکندر ذوالقرنین ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ تھانہ رائیونڈ سٹی پولیس نے خاتون رخسانہ بی بی کی درخواست پر چھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے زیور، قیمتی سامان، ملکی و غیرملکی کرنسی کے فراڈ کا مقدمہ درج کیا ہے جو بالکل جھوٹا اور بے بنیاد ہے، ملزموں کا اس وقوعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

فریقین آپس میں رشتہ دار ہیں اور انکے آپس میں خاندانی تنازعات چلے آ رہے ہیں لہذا ملزموں کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔ ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے ملزموں کی پانچ جنوری تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس اور پراسکیوشن سے ریکارڈ طلب کر لیا۔
وقت اشاعت : 28/12/2016 - 22:07:13