سال نو پر نوجوان لڑکیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے پر اکشے کمار سخت برہم

مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے ہم پیچھے جارہے ہیں، انسان سے جانور بن رہے ہیں، اکشے کمار

جمعرات 5 جنوری 2017 21:17

سال نو پر نوجوان لڑکیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے پر اکشے کمار سخت برہم
بنگلور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2017ء) بنگلور میں سال نو کے موقع پر نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے والے واقعات کے بعد بولی وڈ اداکار اکشے کمار نے اپنے فیس بک اکاونٹ پر ایک ویڈیو ریلیز کی، جس میں انہوں نے اس واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اکشے کمار نے ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ لکھا کہ 'بنگلور میں ہوئے واقع سے مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے ہم پیچھے جارہے ہیں، انسان سے جانور بن رہے ہیں، بلکہ حیوان، کیوں کہ جانور بھی ہم سے بہتر ہیں، یہ شرمناک واقعہ ہی'۔

اکشے کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ 'آج اپنے انسان ہونے پر شرم آرہی ہے، میں ایک بیٹی کا باپ ہوں، جو سماج اپنی عورتوں کو عزت نہیں دے سکتا اسے انسانی معاشرہ کہنے کا حق نہیں ہے، اس سے زیادہ شرمناک بات یہ ہے کہ کچھ لوگ راہ چلتے لڑکیوں کو ہراساں کیے جانے کی بھی جواز دیتے ہیں، لڑکی نے چھوٹے کپڑے پہنے کیوں یا وہ باہر گئی کیوں، شرم کرو یار'۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 'چھوٹے لڑکی کے کپڑے نہیں آپ کی سوچ ہے، یہ بدتمیزی کرنے والے لوگ ہم سب کے بیچ میں سے ہی ہیں، ابھی بھی وقت ہے سدھر جاو کیوں کہ جس دن لڑکیوں نے جواب دیا عقل ٹھکانے آجائے گی'۔واضح رہے کہ بنگلور میں سال نو کے جشن کے موقع پر خواتین کو نشے میں دھت افراد کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے۔

وقت اشاعت : 05/01/2017 - 21:17:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :