مزدور شہری اتحاد کا امن و امان کی بگڑتی صورتحال، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار

جمعرات 22 مئی 2025 22:53

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء) مزدور شہری اتحاد کا امن و امان کی بگڑتی صورتحال، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار، تحریک چلانے کا فیصلہ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مزدور شہری اتحادجیکب آباد کے صدر حاجی غلام نبی رند نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضلع میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بنیادی سہولہات کی عدم فراہمی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے، مزدور شہری اتحاد کے صدر نے کہا کہ جیکب آباد ضلع میں ڈاکو راج قائم ہوچکا ہے جس کی وجہ سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں، ڈکیتی، چوری، لوٹ مار، اغوا اور قتل کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں، شہر میں ڈاکو دن دھاڑے شہریوں سے لوٹ مار کررہے ہیں لیکن پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ قیامت خیز گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ عوام شدید اذیت میں مبتلا ہے، انہوں نے کہا کہ شہر میں ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت سرعام چل رہی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع میں امن و امان بحال کرکے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے بصورت دیگر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

Browse Latest Weather News in Urdu