Aalmi Dinon Ka Landa Bazaar - Article No. 2401

Aalmi Dinon Ka Landa Bazaar

عالمی دنوں کا لنڈا بازار - تحریر نمبر 2401

کچھ چیزوں پہ ہاتھ صاف کر کے یہ دن منا لیتے ہیں۔ انڈے کے عالمی دن کو تو موجودہ حالات میں ہمارے لئے ملت بیضا کی ترجمانی کا دن کہا جا سکتا ہے۔ ناک ،کان،گلہ،آنکھ،کینسر ، ملیریا،ٹی بی، جنگلات،ریڈیو ،ٹی وی،زمین، خلا، بائیسکل، روشنی، توانائی، مرغی ،بھینس، کٹا ،دال،سبزی،خواندگی،مہاجرین،انسانی حقوق اور خوش رہنے کی طرح کے سینکڑوں دن منا منا کر چھوڑ دئیے جاتے ہیں

Amjad mahmood chishti امجد محمود چشتی منگل 2 اپریل 2019

پوری دنیا میں پورا سال ہی کسی نہ کسی چیز کا عالمی دن منایا جاتا ہے بلکہ کسی دن کو تو کئی کئی حوالوں سے منسوب کرکے منانے کا رواج بھی ہے ۔تاہم ہر دن اس دن کے سورج کے ساتھ ہی غروب ہوجاتا ہے اور اس دن کی روح پھر سے دنیا کی بھیڑ میں اگلے برس تک کھو جاتی ہے۔ البتہ ہر منائے جانے والے دن کی نسبت سے مَنوں کے حساب سے کلچر ضرور برآمد ہوتا ہے۔اکثر دن مثبت مقاصد کے حامل جبکہ کچھ متنازع بھی ہیں ۔

ابھی یکم اپریل کو بے وقوفوں نے اپنا دن منایا۔ بیس فروری سماجی انصاف کے سبز باغات کا دن تھا۔آٹھ مارچ کو بنتِ حوا نے ابنِ آدم پہ تہذیبی و عائلی لشکر کشی کی اور باور کرایاکہ تصویرِ کائنات میں ان کا وجود ،رنگ کے ساتھ ساتھ زنگ کا موجب بھی ہو سکتا ہے۔ ایسے ہی چودہ فروری یوم ِ عشاق ہے ۔

(جاری ہے)

پارساؤں کے نزدیک یہ بے حیائی کا دن ہے جس میں کہیں حیا ء کی موت ہوتی ہے تو کہیں پاکیزہ نگاہوں کا قتل ہوتا ہے۔

ماحولیات کی بابت پورا سال ” مخولیات “ میں رہنے والے پانچ جون کو یومِ ماحولیات منا کر تشہیری تسکین کا حظ اٹھاتے ہیں۔اکیس مارچ کو شاعروں کو واہ واہ کی لولی پاپ کے جھانسے کے ہمراہ بعد از حیات اعزاز سے دفنانے کا وعدہ بھی ملتا ہے۔چوبیس جنوری کو تعلیم کا ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے۔سال بھر پانی ضائع کرنے والے بائیس مارچ کو پانی بچانے کی مہم میں ہراول دستہ ہوتے ہیں ۔
یکم مئی کے روز مزدورپسینہ خشک ہونے سے قبل ادائیگی کا مژدہ سنتے ہیں۔
یکم جون کو والدین کی شان اور اہمیت بیان کی جاتی ہے اور ان سے از سرِ نو تعارف بھی ہوجاتا ہے۔اکیس ستمبر امن کی فاختہ اڑاکر دیکھنے کا دن ہے جبکہ ۵اکتوبر کوسلام ٹیچر ڈے کے موقع پر ایک یوم کیلئے سماجی و سرکای سنگ زنی معطل رہتی ہے۔ سولہ نومبرکو رواداری و برد باری کی اصطلاحوں کی گونج سنائی دیتی ہے۔
ان میں دل چسپ ترین دن ” ہاتھ دھونے “ کا عالمی دن ہے ۔بظاہر صفائی کی ترغیب کا دن ہے مگر ازراہ تفنن کہا جاسکتا ہے کہ اس دن دنیا کی بہت سی شخصیات اپنی عزت،دولت یا عہدے سے ہاتھ دھوبیٹھتی ہیں ۔گویا یہ دن کسی بھی دن آسکتا ہے۔ اسی طرح کچھ لوگ کچھ چیزوں پہ ہاتھ صاف کر کے یہ دن منا لیتے ہیں۔ انڈے کے عالمی دن کو تو موجودہ حالات میں ہمارے لئے ملت بیضا کی ترجمانی کا دن کہا جا سکتا ہے۔
ناک ،کان،گلہ،آنکھ،کینسر ، ملیریا،ٹی بی، جنگلات،ریڈیو ،ٹی وی،زمین، خلا، بائیسکل، روشنی، توانائی، مرغی ،بھینس، کٹا ،دال،سبزی،خواندگی،مہاجرین،انسانی حقوق اور خوش رہنے کی طرح کے سینکڑوں دن منا منا کر چھوڑ دئیے جاتے ہیں۔اور میڈیا پہ جلوہ آرائی کی نظر ہو کر بے عملی کی نظر ہو جاتے ہیں۔ جس رفتار سے موضوعات میں اضافہ ہورہا ہے ،سال کے365 دن کم پڑتے دکھائی دے رہے ہیں اور بعید نہیں کہ راتوں کا سہارا بھی لینا پڑے۔
بہتر ہوگا کہ اس عدیم الفرصتی میں تمام عالمی دنوں کو کسی ایک دن ہی منا کر ”عالمی دنوں کا عالمی دن“متعین کرلیا جائے۔تاہم موجودہ تناظر میں عالمی سطح پر عالمی دنوں کا اک عظیم الشان لنڈا بازار سجا ہے اور اس بازار کا ہر تہوار ایسے گزر تا ہے جس طرح کسی عام بازار سے ایک نادار گزر جاتا ہے۔ 

Browse More Urdu Columns