Takiya Kalaam - Article No. 2338

Takiya Kalaam

تکیہ کلام - تحریر نمبر 2338

اس شعرکوسن کرایک صاحب پہلےتو چونکے، پھر گہری سوچ میں غرق ہوگئے اور اپنا سر کھجاتے ہوئے بولے: ’’اگر میرا حافظہ خراب نہ ہو تو یہ شعر میں نے ضرور کہیں پڑھا ہے۔‘‘ ہم نے ان کی یاد داشت کا امتحان لینے کی خاطر پوچھا

بدھ 26 دسمبر 2018

تکیہ کلام‘‘سے یہاں ہماری مراد وہ تکیہ کلام نہیں ہے جوبات چیت کے دوران میں بار بار مداخلت جاوبےجا کرتا ہے بلکہ یہاں تکیہ کلام سے مراد وہ کلام ہے جو تکیوں پر زیور طبع سے آراستہ ہوتا ہے اور جس پر آپ اپنا سررکھ کر سو جاتے ہیں اور جو آپ کی نیدیں ’’حلال‘‘ کرتا ہے۔ پرسوں کی بات ہے کہ ہم نے ایک محفل میں غالبؔ کا شعر پڑھا
نیند اس کی ہے دماغ اُس کا ہے راتیں اس کی ہیں
تیری زلفیں جس کے شانوں پر پریشاں ہوگئیں
اس شعرکوسن کرایک صاحب پہلےتو چونکے، پھر گہری سوچ میں غرق ہوگئے اور اپنا سر کھجاتے ہوئے بولے: ’’اگر میرا حافظہ خراب نہ ہو تو یہ شعر میں نے ضرور کہیں پڑھا ہے۔

‘‘ ہم نے ان کی یاد داشت کا امتحان لینے کی خاطر پوچھا
’’ تب تو سوچ کر بتائیے کہ آپ نے یہ شعر کہاں پڑھا تھا؟‘‘ وہ کچھ دیر سوچ کر بولے۔

(جاری ہے)


’’بھئی! لو یاد آیا۔یہ شعر ہم نے رحمٰن خاں ٹھیکیدار کے تکیہ کے غلاف پر پڑھا تھا۔ بھلا تمہیں یہ شعر کس طرح یاد ہوگیا؟ کیا تمہیں بھی اس تکیہ پر سونے کا اتفاق ہوا تھا؟‘‘
’’ہم نے کہا: آپ کیسی باتیں کرتے ہیں یہ شعر تو دیوان غالب میں موجود ہے۔

رحمٰن خاں ٹھیکیدار سے ہمارا کیا تعلق ؟‘‘ اس پر وہ بولے ’’بھئی! دیوان غالب سے ہمارا کیا تعلق۔ ہم تو شعر و شاعری صرف تکیوں کے غلافوں پر پڑھ لیتے ہیں۔ جو شاعری آپ کی تکیوں کے غلافوں پرپڑھنے کو مل جاتی ہے تو اس کے لئے شعراء کے دیوانوں کو الٹنے پلٹنے کی کیا ضرورت ہے؟‘‘
ان صاحب کے جواب کو سن کر ہمیں پہلی بار احساس ہوا کہ جس زبان میں شعر و شاعری کی بہتات ہوتی ہے اس کا یہی حشر ہوتا ہے۔
شاعری کا ’’پیمانۂ صبر‘‘ جب لبریز ہوجاتا ہے تو اشعار اچھل کر تکیوں پر گر جاتے ہیں، چادروں پر بکھر جاتے ہیں،لاریوں کی پیشانیوں پر چپک جاتے ہیں، رکشاؤں کی پیٹھ پر بیٹھ جاتے ہیں اور حد تو یہ ہے کہ دسترخوانوں تک کی زینت بن جاتے ہیں۔
کتنی ہی بار ایسا ہوا کہ ہم دسترخوان پرکھانا کھانے بیٹھے ہیں کہ اچانک دسترخوان پر چنے ہوئے کسی شعر نے ہمیں چونکا دیا۔
اورہم کھانا کھانے کے بجائے سردھنتے رہ گئے۔ بعض سخن فہم حضرات تو ایسے بھی ہوتے ہیں جو دسترخوان پر فارسی میں اشعار لکھواتے ہیں،جیسے۔

شکر بجا آر کہ مہمان تو
روزیٔ خود می خورد از خوان تو

نتیجہ ان فارسی اشعار کی اشاعت کا یہ ہوتا ہے کہ مہمان کھانا کم کھاتے ہیں اور شعر کے معنی و مفہوم کو سمجھنے کی کوشش زیادہ کرتے ہیں۔
اور جب وہ معنی و مفہوم کے چکر سے آزاد ہوتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ میزبان نے سارا کھانا خود ہی کھا لیا ہے۔
دستر خوان کے اشعارکی بات چھوڑیئے کیونکہ اب ہم دسترخوان پرچنی جانےوالی اشیائےخوردونوش میں مختلف ملاوٹوں کےعلاوہ اشعار کی ملاوٹ کے بھی عادی ہوگئے ہیں لیکن یہاں بات تکیوں اوران کے کلام کی چل رہی ہے۔ ہم نے ایسے معرکتہ الآرا شعر تکیوں پر دیکھے ہیں کہ اگر کوئی ان تکیوں پر سوجائے تو پھر زندگی بھر ان تکیوں پر سے اٹھنے کا نام نہ لے۔

ہمیں ایک بار سفر پر جانے کا اتفاق ہوا۔ ایک شناسا کے ہاں مہمان ٹھہرے،چونکہ ہم حسب روایت بستر اپنے ساتھ نہیں لے گئے تھے اس لئے میزبان نے ہمارے بستر کا انتظام کیا۔ اب جو ہم بستر پر پہنچے تو کیا دیکھتے ہیں کہ تکیہ پر نہایت جلی حروف میں یہ شعر لکھا ہوا ہے۔

کسی کے حسن کا جادو بسا ہے تکیہ میں

جہان عارض و گیسو بسا ہے تکیہ میں
اب آپ سے کیا بتائیں کہ ہمارے حق میں یہ بستر، بستر مرگ ثابت ہوا۔
رات بھر کروٹیں بدلتے رہے، اختر شماری تک کرتے رہے۔ ہر بار یہی سوچتے رہے کہ آخر تکیہ میں کس کے حسن کا جادو بسا ہے، آخر وہ کون مہ جبین ہے جس کا جہان عارض و گیسو اس تکیہ میں پنہاں ہے۔ بار بار تکیہ کو الٹ کر دیکھا۔اس تکیہ نے ہم میں وہ سارے آثار پیدا کردیئے جو آغاز عشق کے لئے ضروری سمجھے جاتے ہیں۔ وفور عشق نے اتنا سر اٹھایا کہ ہم بار بار تکیہ پر اپنا سر پٹختے رہے۔
بالآخر ہم نے فیصلہ کیا کہ صبح ہوگی تو ہم اس نازنین کو ضروردیکھیں گے جس کے حسن کا جادو اس تکیہ کے توسط سے ہمارے سر چڑھ کر بولنے لگا تھا۔
صبح ہوئی تو ہم نے چوری چھپے اس نازنین کو دیکھ ہی لیا۔ اس نازنین کے ڈیل ڈول اوروضع قطع کو دیکھنے کے بعد ہم اس نتیجہ پر پہنچے کہ محترمہ کو یہ شعر تکیہ پر نہیں بلکہ گاؤ تکیہ پر لکھنا چاہئے تھا کیونکہ ان کے حسن کا ’’سمبل‘‘ صرف گاؤ تکیہ ہی ہوسکتا تھا۔

اس واقعہ کے بعد تکیہ کے اشعار پر سے نہ صرف ہمارا ایقان اٹھ گیا بلکہ جب بھی کوئی منظوم تکیہ ہمارے سر کے نیچے آیا تو ہم نے چپکے سے اس کا غلاف اُتار لیا کہ کون اپنی نیند حرام کرے۔ آپ نے تکیوں کے وہ اشعار ضرور پڑھے ہوں گے جن پر سوکرآپ نہایت ڈراو نے خواب دیکھنے لگتے ہیں۔ مثال کے طور پر چند اشعار ملاحظہ ہوں۔

کونین تک سمیٹ لئے ہیں غلاف میں
ٹکڑے جگر کے ٹانک دیئے ہیں غلاف میں
خواب ہائے دل نشیں کا اِک جہاں آباد ہو
تکیہ جنت بھی اُٹھا لائے اگر ارشاد ہو
چمن در چمن ہے غلاف آئیے تو
ذرا اس پے آرام فرمائیے تو
غنچہ ہائے دل کھلے، سر رکھ کر گستاخی معاف
گلشنِ امید کے سب پھول چن لیا غلاف
غور فرمائیے کہ ان اشعار پر کیا آپ ’’تکیہ‘‘ کر سکتے ہیں؟ گویا تکیہ نہ ہوا، الہٰ الدین کا چراغ ہوا کہ کونین تک اس میں سمٹ کرآگئے ہیں۔

ہمیں یاد ہے کہ ہمارے ایک دوست کو ادھورے خواب دیکھنے کی بیماری تھی،وہ تھوڑا سا خواب دیکھتے کہ بجلی فیل ہوجاتی اوروہ نیند سے چونک پڑتے۔ ایک دن ہم سے بولے: ’’بھئی! عجیب بات ہے کہ مجھےادھورے خواب نظر آتے ہیں۔ آخر پورے خواب کیوں نظر نہیں آتے۔ میں خوابوں کے‘ٹریلر’ دیکھتے دیکھتے عاجز آگیا ہوں؟ ’’ہم نے ان کے بستر کا معائنہ کیا تو دیکھا کہ تکیہ پر ایسا شعر لکھا ہے جو ’بحر‘ سے خارج ہے۔
اس پر ہم نے کہا:
’’بھئی! اس کا اصل راز یہ ہے کہ تم ایسے تکیہ پر سوتے ہو جس پر ’بے بحر‘ شعر لکھا ہوا ہےاوراس تکیہ کی کرامت سے تمہارے خواب بھی بحر سے خارج ہوجاتے ہیں۔ اس شعر کو بدلو تو تمہارے خوابوں کی صحت بھی بہتر ہوجائے گی۔‘‘
یہ تو ایک معمولی سا واقعہ ہے۔ ہمارے ایک اور دوست کا قصہ ہے کہ انہیں عرصہ سے بلڈپریشر کی شکایت تھی۔
جب وہ بستر پر سوجاتے تو ان کا بلڈپریشر آسمان سے باتیں کرنے لگتا۔جب ایلوپیتھی علاج سے فائدہ نہ ہوا تو ایک حکیم صاحب کی خدمت حاصل کی گئیں۔ حکیم صاحب نے ان کا بغور معائنہ کیا۔زبان اتنی بار باہرنکلوائی کہ وہ ہانپنے لگے۔ مگر اسی اثناء میں حکیم صاحب کی نظر تکیہ پر پڑی اور وہ تکیہ کی جانب لپکے، شعر کو غور سے پڑھا اور تنک کر بولے:
’’اس تکیہ کو ابھی یہاں سے ہٹائیے۔
بلڈپریشر کی اصل جڑ تو یہ تکیہ ہے۔ واہ صاحب واہ! کمال کردیا آپ نے۔آپ کو بلڈپریشر کی شکایت ہے اور آپ نے شاعرِ انقلاب حضرت جوش ملیح آبادی کا شعر تکیہ پر طبع کروا رکھا ہے۔ جانتے ہیں جوش کی شاعری میں کتنا جوش ہوتا ہے۔ جوش کے شعر پرآپ سو جائیں گے تو دورانِ خون نہیں بڑھے گا تو اور کیا ہوگا؟ اس تکیہ کو اسی وقت یہاں سے ہٹائیے۔ خبردار جو آئندہ سے آپ نے جوش کے تکیہ پر سررکھا۔
اگر شعروں پر سونا ہی ضروری ہے تو داغ کے غلاف پرسو جائیے، جگر کے غلاف کو اپنے سر کے نیچے رکھئیے۔ان شعراء کا کلام آپ کے بلڈپریشر کو کم کردے گا۔ آپ کو فرحت ملے گی، بھوک زیادہ لگے گی، آپ کے جسم میں خون کی مقدار میں اضافہ ہوگا وغیرہ وغیرہ۔‘‘
حکیم صاحب کے اس مشورے کے بعد ہمارے دوست نے نہ صرف ’جوش کا غلاف‘ بدل دیا بلکہ اب وہ جوش کے کلام کو ہاتھ لگاتے ہوئے بھی خوف محسوس کرتے ہیں کہ کہیں پھر بلڈپریشر کا عارضہ لاحق نہ ہوجائے۔

لیکن تکیوں کے کلام کی ایک افادیت بھی ہوتی ہے جس کا راز صرف اہل دل ہی جانتے ہیں۔ یہ کوئی مبالغہ نہیں کہ ایک اہل دل کی شاعری صرف تکیوں کے اشعار کے باعث ہوتی تھی۔ ہوا یوں تھا کہ یہ صاحب کہیں مہمان بن کر گئے ہوئے تھے۔ رات میں میزبان کے گھر میں سے ان کے لئے جب بستر آیا تو اس میں ایک تکیہ بھی تھا، جس پر یہ شعر لکھا تھا۔
شمیم طرّہ گیسوئے یار لایا ہوں
میں اپنے ساتھ چمن کی بہار لایا ہوں
آدمی چونکہ ہوشیار تھے، اس لئے اس غلاف کا مطلب سمجھ گئے۔

دوسرےدن بازارگئےاورایک ریڈی میڈ غلاف خرید لائے، جس پریہ شعرلکھا ہوا تھا ۔

اٹھا تو سر پٹک دیا تکیہ پہ بار بار
شب بھر گواہ، یہ بھی مرے دردِ دل کا تھا

انہوں نے چپکے سے تکیہ کا پُرانا غلاف اُتارا اور نیا غلاف اس پر چڑھا دیا۔ اب یہ تکیہ ان کا پیام لے کر اندر واپس ہوا۔ نہ جانے اس شعر نے کیا قیامت مچائی۔ شام میں جب تکیہ واپس ہوا تو اس پر ایک نیا شعر لکھا ہوا تھا ۔


مرا جذبِ دل مرے کام آرہا ہے
اب ان کی طرف سے پیام آرہا ہے

دوسرے دن ان صاحب نے یہ غلاف بھی اُتار لیا اور پھر ایک طبع زاد غلاف چڑھا دیا۔

رات بھر دیدۂ نمناک میں لہراتے رہے
سانس کی طرح سے آپ آتے رہے جاتے رہے

غرض اس ’’تکیہ بردار‘‘ عشق نے وہ جوش مارا کہ سلام و پیام کا سلسلہ بڑھتا رہا بالآخر ان دونوں کی شادی ہوگئی۔
چنانچہ یہ دونوں ایک ہی شعر پر تکیہ کر رہے ہیں۔ لیکن اب ان کے تکیوں کے اشعار کی ماہیت تبدیل ہوگئی ہے۔چنانچہ ہم نے پرسوں ان کی خواب گاہ میں جو تکیہ دیکھا تھا اس پر یہ شعر درج تھا۔

اس سیاہ بخت کی راتیں بھی کوئی راتیں ہیں
خوابِ راحت بھی جسے خواب پریشاں ہوجائے

یہ تو خیر عام آدمیوں کے تکیوں کی بات تھی۔اگر آپ دانشوروں کے تکیوں کو دیکھیں گے تو یقیناً دنگ رہ جائیں گے۔
ان کے تکیوں پر ایسے صوفیانہ اور فلسفیانہ اشعار لکھے جاتے ہیں کہ اچھا خاصا آدمی فلسفی بننے کی کوشش کر بیٹھتا ہے۔ مثلاً ایک انٹلکچول حضرت نے اپنے تکیہ پر یہ شعر لکھا رہا تھا۔
موت کا ایک دن معین ہے
نیند کیوں رات بھر نہیں آتی
سچ پوچھئے تو اس تکیہ پر کوئی عام آدمی سو ہی نہیں سکتا۔ایسے فلسفیانہ شعر پر تو صرف ایک دانشور ہی سو سکتا ہے اور اسی کو ایسے فلسفیانہ تکیے زیب دیتے ہیں۔

آئیے، اب ذرا شعراء حضرات کے تکیوں کی بات ہوجائے جن کے لئے شاعری اوڑھنا بچھونا ہوتی ہے۔ یعنی ان کے تکیوں پر شعر ہوتے ہیں۔ حد ہوگئی کہ ہم نے ایک شاعر کی مچھر دانی پر بھی شعروں کا جنگل اُگا ہوا دیکھا۔ ہم نے ایک شاعر کے گھر میں ایک منظوم تکیہ دیکھا تھا جس پر یہ شعر درج تھا۔

یار سوتا ہے بصد ناز بصد رعنائی
محوِ نظارہ ہوں بیدار کروں یا نہ کروں

ہم نے اس شعرکو پڑھ کر کہا: ’’بھئی واہ کیا خوب شعر کہا ہے، کس کا شعر ہے؟‘‘
ہمارے سوال کوسن کران کا چہرہ تمتما اُٹھا اور بولے‘‘معاف کیجئے، میں کسی دوسرے کے کلام پر تکیہ نہیں کرتا۔
یہ شعر میرا ذاتی ہے اور یہ بات میری خود داری کے خلاف ہے کہ میں دوسروں کے اشعار پر سوجاؤں۔ آپ مجھے کیا سمجھتے ہیں۔ بھلا یہ بھی کوئی بات ہوئی کہ کوئی شاعر اپنے تکیہ پر میرؔ کے تکیہ کا شعر لکھ مارے۔
سرہانے میرؔ کے آہستہ بولو
ابھی ٹک روتے روتے سو گیا ہے
ہم نے ان کے غصّہ کو تاڑ کر معافی مانگ لی اور چپ ہو رہے۔بعد میں ان کے گھر کی اشیاء پر جو نظر ڈالی تو ہر شئے شعر میں لت پت نظر آئی۔
پھر بہت دنوں بعد پتہ چلا کہ شاعر موصوف کی جو غزلیں مختلف رسالوں سے ’’ناقابل اشاعت‘‘ قرار پا کر واپس آتی ہیں، انہیں وہ اپنے گھر کی چادروں پر چھپوادیتے ہیں، تکیوں کے غلافوں پر چڑھا دیتے ہیں اور میز پوش پر زیور طبع سے آراستہ کرتے ہیں۔ ہم تکیوں کے ذریعہ ادب کی ترقی کے ضرور قائل ہیں لیکن ہمیں یہ بات پسند نہیں کہ ناقابل اشاعت اشعار بھی تکیوں پر چھاپے جائیں۔
پھر جب ہماری شاعری میں نئے رجحانات آرہے ہیں تو تکیوں میں بھی نئے رجحانات کا آنا نہایت ضرور ہے۔ کیا ہی اچھا ہو کہ کوئی سخن فہم اپنے تکیہ پر آزاد نظم لکھوائے۔ اگر تکیہ اس نظم کو قبول کرنے میں تنگ دامنی کا شکوہ کرے تو اس نظم کو دو تین تکیوں پر شائع کیا جائے۔ مثلاً نظم کا ایک بند تو ایک تکیہ پر ہوا اور اس کے نیچے یہ عبارت درج ہو:
’’براہ کرم تکیہ الٹیئے۔
‘‘
اورتکیہ الٹنے پربھی کام نہ بنے تو نیچے یہ عبارت لکھی جائے:
’’باقی نظم ملاحظہ ہوگاؤ تکیہ (۱) پر۔‘‘
اور گاؤ تکیہ بھی اس کی طوالت کو برداشت نہ کرسکے تو اس کے نیچے لکھا جائے
‘‘باقی نظم ملاحظہ ہو شطرنجی کلاں پر۔’’
اور جب یہ نظم ختم ہوجائےتو اس کے نیچے،‘غیر مطبوعہ’ کے الفاظ کا بھی اضافہ کردیا جائے۔

ہمیں یقین ہے کہ ‘‘منظوم تکیوں’’کے شائقین اپنے تکیوں کو شاعری کے جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کی سعی فرمائیں گے۔
سب سے آخر میں ہم اس مضمون کے لئے ان خاتون کے تہہ دل سے ممنون ہیں جن سے ہم نے تکیوں کے چند اشعار مانگے تو انہوں نے اپنے نوکر کو ہمارے گھر بھیجا۔ اس نوکر نے آتے ہی ہم سے کہا: ’’صاحب اپنے نوکر کو باہر بھیجئے تاکہ وہ تکیے کے اشعار رکشا میں سے اُتارسکے۔
‘‘
ہم نے حیرت سے پوچھا: ’’تمہاری بیگم صاحبہ نے آخر اتنے اشعار کیوں بھیجے کہ انہیں رکشا میں ڈال کر ہمارے یہاں لانا پڑا؟‘‘
وہ بولا ’’صاحب، آپ نے بیگم صاحبہ سے تکیہ کے اشعارمانگے تھےاورانہوں نے اپنےگھر کے سارے تکیے آپ کے پاس بھجوادیئے ہیں، آپ ان تکیوں کا مطالعہ کرنے کے بعد انہیں واپس بھیج دیجئے۔
‘‘
ہم اس دھوبی کے بھی شکر گزار ہیں جو گھاٹ پر کپڑے دھو رہا تھا۔ ہم نے اس دھوبی کو دیکھا کہ وہ ایک کپڑا پانی میں سے نکالتا ہے، اسے کھولتا ہے، پھر اپنی عینک آنکھوں پر لگاتا ہے، کپڑے پرکوئی عبارت پڑھتا ہے اور پھر اس کپڑے کو پتھر پر زور زور سے پٹخنے لگتا ہے۔ ہم نے اس کی اس حرکت کا بغور مشاہدہ کیا تو پتہ چلا کہ وہ بعض کپڑے تو زور سے پٹختا ہے اور بعض کپڑے نہایت آہستگی سے دھوتا ہے۔

ہم نے پوچھا: ’’بھئی! تم بعض کپڑے زور سے پٹختے ہواور بعض نہایت آہستگی سے، آخر یہ کیا راز ہے؟‘‘
وہ بولا: صاحب! یہ دراصل تکیے کے غلاف ہیں اورمیں تکیے کے ہر غلاف کو دھونے سے پہلے اسے کھولتا ہوں اوراس پر لکھا ہوا شعر پڑھتا ہوں۔ اگر شعر مجھے پسند نہ آئے تواس غلاف کو زور زور سے پتھر پر پٹختا ہوں یعنی ادبی اصطلاح میں ہوٹنگ کرتا ہوں اوراگراتفاق سے کوئی شعر پسند آئے تواسے نہایت سلیقے سے دھوتا ہوں کہ اچھا شعر ساری قوم کی امانت ہوتا ہے۔‘‘
ہم اس ادب دوست دھوبی اوراس کے گدھے کے بھی، جواُن اشعارکا بوجھ اپنی پیٹھ پرلادے پھرتا ہے، ممنون ہیں کہ اس نے بعض اچھے اشعار ہمیں فراہم کیے جو اس مضمون میں شامل نہیں ہیں۔

Browse More Urdu Columns