موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم کی خیرخواہی نہیں، چوہدری پرویزالٰہی

مذاکرات ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے، بااختیار حلقوں سے مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہوسکتے ہیں۔ صدر پی ٹی آئی کی عدالت پیشی پر میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 مئی 2024 13:14

موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم کی خیرخواہی نہیں، چوہدری پرویزالٰہی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم کی خیرخواہی نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے، با اختیار حلقوں سے مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہوسکتے ہیں، عمران خان اپنی ذات نہیں بلکہ ملک و قوم کے لیے مذاکرات پر رضا مند ہوئے، با اختیار مقتدر حلقوں کو عارف علوی کی مذاکرات کی دعوت کا مثبت جواب دینا چاہیئے کیوں کہ موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم سے خیر خواہی نہیں ہوگی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کر رہی ہے، کیوں کہ اسے پتا ہے انہیں چوری شدہ مینڈیٹ واپس کرنا پڑے گا، ویسے بھی ن لیگ فوج کے خلاف سب سے زیادہ زہر اگلنے والی جماعت ہے، اس بار تو کسان بھی گندم بیچنے کے لیے رُل رہے ہیں لیکن ان کی ٹک ٹاک حکومت لمبی تان کر سورہی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ پر سماعت ہوئی، ملزمان سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہی اور محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا، چوہدری پرویز الہی وہیل چئیر کے ذریعے عدالت پیش ہوئے، ملزم امین ہسپتال میں داخل ہونے کی وجہ سے عدالت پیش نہ ہوئے، کیس کی سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی اور عدالت نے فرد جرم کی کارروائی 21 مئی تک ملتوی کردی۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments