ہری پور کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں خوفناک آتشزدگی

شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ نے کچھ ہی دیر میں پورے سکول کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 مئی 2024 11:31

ہری پور کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں خوفناک آتشزدگی
ہری پور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ ہری پور کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سری کوٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہری پور میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سری کوٹ میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگی، جس نے کچھ ہی دیر میں پورے سکول کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے بھگڈر مچ گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور ٹی ایم اے غازی کی فائربریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ سکول میں 500 سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں جنہیں مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالنے کی کوشش کی، فائربریگیڈ کی گاڑی تاخیر سے پہنچی، جس کے باعث سکول کا تمام ریکارڈ مکمل طورپر جل گیا تاہم ریسکیو1122 کی فائر بریگیڈ نے متاثرہ سکول میں امدادی کارروائیاں کیں اور ریسکیو حکام نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سری کوٹ میں لگنے والی آگ بجھادی اور سکول سے 500 سے زائد طالبات اور 35 کے قریب اساتذہ کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

(جاری ہے)

ادھر ڈیرہ اسماعیل خان کے اندرونی علاقے میں امامیہ گیٹ کے نزدیک مکان میں آگ بھڑک اٹھی، پورشن میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگی، دوسری منزل سے باہر نکلنے کا راستہ نہ ملنے کے باعث لیفٹیننٹ کرنل کا بیٹا اور بیٹی جھلس پر موقع ہی جاں بحق ہوگئے، اس واقعے میں لیفٹیننٹ کرنل ثاقب اور ان کی اہلیہ شدید جھلس گئے۔ بتایا جارہا ہے کہ کرنل ثاقب نے ریسکیو 1122 کو کال کی اور اپنی مدد اپ کے تحت آگ میں پھنسے افراد کو باہر نکالا، ریسکیو کی ٹیموں نے زخمی افراد اور جاں بحق ہونے والے بچوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے آگ پر قابو پاکر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا، ریسکیو ٹیموں کی طرف سے کولنگ کا عمل ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments