بھارت میں مال گاڑی کھڑی ہوئی مسافر ٹرین سے ٹکرا گئی، پندرہ ہلاکتیں

DW ڈی ڈبلیو پیر 17 جون 2024 18:40

بھارت میں مال گاڑی کھڑی ہوئی مسافر ٹرین سے ٹکرا گئی، پندرہ ہلاکتیں

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 17 جون 2024ء) مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ریلوے حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ مال گاڑی کے ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے پیش آیا، جس نے ایک سرخ سگنل کو نظر انداز کرتے ہوئے اور اپنی کارگو ٹرین کو چلاتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھا۔

بھارت: ٹرین ڈرائیور کے بغیر کیسے چلتی رہی؟ تفتیش کا حکم

مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس تصادم کے بعد مال بردار ریل گاڑی پر لدے بہت سے کنٹینر پٹڑیوں کے آس پاس گرے ہوئے دیکھے گئے جبکہ پیچھے سے لگنے والی ٹکر کے نتیجے میں جائے حادثہ پر کھڑی ہوئی مسافر ٹرین کی ایک بوگی تو زمین پر جیسے عمودی طور پر کھڑی ہو گئی تھی۔

تمام زخمی ریکسیو کر لیے گئے

مغربی بنگال بھارت کی ایک مشرقی ریاست ہے، جس کے ضلع دارجلنگ میں پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار ابھیشیک رائے نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ اس حادثے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 44 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں آخری اطلاعات ملنے تک ریکسیو کیا جا چکا تھا۔

(جاری ہے)

ابھیشیک رائے نے مزید بتایا کہ اس حادثے کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکار موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ سے وہ بوگیاں ہٹانے میں مصروف ہو گئے تھے، جو مال گاڑی کی مسافر ٹرین سے ٹکر کے نتیجے میں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔

مسافروں سے بھری بھارتی ٹرین انجن سے کٹ کر میلوں تک سفر میں

بھارتی ریلوے حکام کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ حادثے کے وقت مسافر ریل گاڑی میں کتنے افراد سوار تھے۔ مال گاڑی نے جس مسافر ریل گاڑی کو پیچھے سےآتے ہوئے ٹکر ماری، اس کا نام کنچن جنگا ایکسپریس تھا اور وہ شمال مشرقی بھارتی ریاست تری پورہ سے مغربی بنگال کے ریاستی دارالحکومت کولکاتہ جا رہی تھی۔

کارگو ٹرین کی ٹکر کے نتیجے میں مسافر ریل گاڑی کی بھی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔

معمول کی ریلوے ٹریفک بحال کرنے کی کوششیں

بھارت میں ملک گیر ریلوے نیٹ ورک کے منتظم ادارے کی ایک اعلیٰ اہلکار جیا ورما سنہا نے اس حادثے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ مرنے والے کم از کم 15 افراد میں مال بردار ریل گاڑی کا ڈرائیور اور مسافر ٹرین کا ایک گارڈ بھی شامل ہیں۔

کچھ دیر پہلے کولکاتہ سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا کہ مقامی وقت کے مطابق پیر کی شام تک امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر اپنی ریسکیو کارروائیاں مکمل کر چکی تھیں اور ریلوے ٹریک کے متاثرہ حصے پر معمول کی ٹریفک بحال کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔

بھارت: ٹرین کے پٹری سے اترنے پر متعدد افراد ہلاک

گزشتہ برس مغربی بنگال کی ہمسایہ ریاست اوڈیشہ میں بھی ایک ٹرین حادثے میں 288 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ حادثہ پچھلے دو عشروں کے دوران بھارت میں کسی ٹرین کا سب سے ہلاکت خیز حادثہ تھا اور اس کی وجہ بھی ایک ریل سگنل کی ناکامی بننی تھی۔

م م / ش ر (روئٹرز، اے پی)