پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک کا خود کو مسلمان نہ سمجھنے کے بیان پر شدید تنقید

گلوکار نے ایک انٹرویو میں کہا تھا اسلام کے کسی نظریات پر یقین نہیں رکھتا خود کو مسلمان بھی نہیں کہتا

ہفتہ 17 نومبر 2018 17:01

پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک کا خود کو مسلمان نہ سمجھنے کے بیان پر شدید تنقید
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2018ء) دنیا بھر میں معروف پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک نے انکشاف کیا ہے کہ اب وہ خود کو مسلمان نہیں سمجھتے۔ برٹش ووگ کو گلوکار کی جانب سے دیئے گئے انٹرویو کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ اسلام کے کسی بھی قسم کے نظریات پر یقین نہیں رکھتے۔زین ملک نے کہا ' میں اب خود کو مسلمان نہیں کہتا، میرا ماننا ہے کہ لوگوں کے مذہبی عقائد جو بھی ہوں، یہ ان کے اور اس کے درمیان کا معاملہ ہے، جس کی عبادت وہ کرتے ہیں'۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ خود کو مسلمان سمجھتے ہیں تو زین ملک کا جواب تھا 'میں خود کو مسلمان نہیں سمجھتا'۔گلوکار نے کہا کہ وہ اب اسلامی عبادات و فرائض پر مزید عمل نہیں کرتے ' میں اس بات پر یقین نہیں کرتا کہ مخصوص گوشت کو کھانے کی ضرورت ہے، جسے ایک مخصوص طریقے سے دعا پڑھ کر ذبح کیا جائے ۔

(جاری ہے)

میں ایک مخصوص زبان میں دن میں پانچ بار نماز پڑھنے پر بھی یقین نہیں رکھتا، میں ان میں سے کسی کو نہیں مانتا۔

میں بس یہ مانتا ہوں کہ اگر آپ اچھے فرد ہیں تو ہر چیز آپ کے لیے درست ہوگی'۔زین ملک کے اس انٹرویو پر ٹوئٹر پر مداحوں کا شدید ردعمل سامنے آیا۔اکثر ٹوئٹر صارفین نے لکھا کہ گلوکار کو اس پر شرمندہ ہونا چاہئے جبکہ کچھ نے انٹرویو کو سراہا مگر اسلامی عبادات کا مذاق اڑانے پر زین ملک پر شدید تنقید کی۔کچھ ٹوئٹر صارفین کا کہنا تھا کہ خدا زین ملک کو درست راستے پر چلنے کے لیے رہنائی فراہم کرے، ہم بھی مثالی مسلمان نہیں مگر اپنے مذہب کو چھوڑنا بہت بڑا نقصان ضرور ہے۔
وقت اشاعت : 17/11/2018 - 17:01:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :