ممتاز فلمی موسیقار ماسٹر عبداللہ کی 24ویں برسی یکم فروری کو منائی جائے گی

جمعرات 19 جنوری 2017 14:17

ممتاز فلمی موسیقار ماسٹر عبداللہ کی 24ویں برسی یکم فروری کو منائی جائے گی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) ملک کے ممتاز فلمی موسیقار اور درجنوں یاد گار فلموں کے مشہور گانوں کی دھنیں مرتب کرنے والے ماسٹر عبداللہ کی 24ویں برسی بدھ یکم فروری کو منائی جائے گی۔ انور کمال پاشا کے ساتھی اور استاد بڑے غلام علی خان کے شاگرد ماسٹر عبداللہ نے فلم سورج مکھی ، ملنگی ، زندگی ، رنگوجٹ ، بابل ، ضدی ، شریف بدمعا ش ، دنیا پیسے دی ، بدل گیا انسان ، اک سی چور ، ہر فن مولا ، لاڈو ، میدان ، کمانڈو، وارث جیسی سپر ہٹ فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔

(جاری ہے)

انہوںنے شہنشاہ غزل مہدی حسن ، مالا ، احمد رشدی، مجیب عالم، رونا لیلیٰ ، تصور خانم ،نور جہاں سمیت تمام اعلیٰ پائے کے سنگرز کے ساتھ خوش اسلوبی سے کام کیا۔ ماسٹر عبداللہ کے فلمی گانے انتہائی مقبول ہوئے جس نے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید نکھار فراہم کیا۔ انہوںنے موسیقی کی باقاعدہ تربیت استاد بڑے غلام علی خان سے حاصل کی۔ ’’چل چلیے دنیا دی اس نکڑے‘‘ ، ’’ماہی وے سانوں بھل نہ جاویں‘‘،’’ توں آیا سجن نہیں آیا ‘‘جیسے سدا بہار نغمے آج بھی ماسٹر عبداللہ کی یاد تازہ کر رہے ہیں۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی اور ماسٹر عبداللہ کی فن موسیقی کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 19/01/2017 - 14:17:33