سری دیوی کی دبئی ہوٹل میں موت; متضاد اطلاعات اور بیانات نے شکوک و شبہات پیدا کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 26 فروری 2018 12:55

سری دیوی کی دبئی ہوٹل میں موت; متضاد اطلاعات اور بیانات نے شکوک و شبہات پیدا کر دئے
دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 فروری 2018ء) :بالی وڈ کی نامور اداکارہ سری دیوی کی موت کی خبر گذشتہ روز خبروں کی زینت بن گئی ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سری دیوی کو ہارٹ اٹیک ہوا جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔ سری دیوی کی موت سے متعلق کچھ متضاد اطلاعات اور بیانات گردش کر رہے ہیں جنہوں نےشکوک و شبہات پیدا کر دئے ہیں۔

ایک اخبار کے مطابق جب سری دیوی کو دل کا دورہ پڑا تو وہ اس وقت ہوٹل روم میں اکیلی تھیں، جبکہ ایک اور اخبار نے دعویٰ کیا کہ اس وقت ہوٹل روم میں ان کے ساتھ ان کے شوہر بونی کپور بھی موجود تھے۔ ہوٹل ذرائع کے مطابق رات ساڑھے دس بجے کے قریب سری دیوی نے روم سروس کو کال کر کے پانی منگوایا، روم سروس کا ایک ملازم 15 منٹ کے بعد ہی سری دیوی کے کمرے کے باہر پہنچ گیا ۔

(جاری ہے)

کئی گھنٹیاں بجانے کے بعد بھی جب سری دیوی نے دروازہ نہیں کھولا تو ملازم نے ہوٹل انتظامیہ کو آگاہ کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ کمرے میں داخل ہونے پر سری دیوی کو باتھ روم کے فرش پر پایا گیا۔ قریب 11 بجے کا وقت تھا ، اس وقت سری دیوی کی نبض چل رہی تھی۔ ہوٹل ذرائع نے تصدیق کی کہ جب ہم سری دیوی کے کمرے میں داخل ہوئے تو وہاں کوئی نہیں تھا جس پر ہم انہیں فوری طور پر راشد اسپتال لے گئے جہاں پہنچنے سے قبل ہی وہ دم توڑ چکی تھیں۔

سری دیوی دبئی میں اپنی پینٹنگز کی نیلامی کی تقریب کے لیے موجود تھیں جبکہ ان کے بھتیجے کی شادی ختم ہونے کے بعد ان کے شوہر اور ان کی بیٹی خوشی کپور دبئی سے انڈیا روانہ ہو گئے تھے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق سری دیوی کو جب اسپتال لایا گیا وہ دم توڑ چکی تھیں، چونکہ سری دیوی ایک اعلیٰ شخصیت ہیں لہٰذا ان کا پوسٹمارٹم فوری طور پر شروع نہیں کیا گیا۔

بھارتی ٹائیکون انیل امبانی نے سری دیوی کی میت کو واپس بھارت لانے کے لیے اپنا پرائیویٹ جہاز دبئی بھیجا۔ دوسری جانب ایک اخبار میں شائع رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ جب سری دیوی باتھ روم میں گریں تب ان کے شوہر بونی کپور کمرے میں ہی موجود تھے۔ رپورٹ کے مطابق بونی کپور جو اپنی بیٹی کے ساتھ بھارت کے لیے روانہ ہوئے تھے ، ساڑھے 5 بجے کے قریب سری دیوی کو سرپرائز دینے کے لیے واپس جمیرا ایمریٹس ٹاورز ہوٹل دبئی پہنچے۔

خیلج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بونی کپور نے سری دیوی کو جگایا اور دونوں نے 15 منٹ تک گفتگو کی۔ شوہر کے ساتھ ڈنر پر جانے کے لیے تیار ہونے کی غرض سے سری دیوی باتھ روم گئیں، اور 15 منٹ تک واپس نہ آنے پر بونی کپور نے باتھ روم کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ بونی کپور نے دیکھا کہ سری دیوی بے حس و حرکت باتھ ٹب میں پڑی تھیں۔ انہوں نے سری دیوی کو ہوش دلانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔جس پر انہوں نے اپنے ایک دوست کو فون کیا اور پھر 9 بجے کے قریب پولیس کو بھی اطلاع کی۔ سری دیوی کی موت پر آنے والی متضاد اطلاعات اور بیانات پر شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔ سری دیوی کی پوسٹمارٹم رپورٹ آنا تاحال باقی ہے جس کے بعد ان کی موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔
وقت اشاعت : 26/02/2018 - 12:55:19

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :