پلاک اور کل پاکستان موسیقی کانفرنس کے تعاون سے ’’شام موسیقی‘‘ کا اہتمام

بدھ 6 ستمبر 2017 16:31

پلاک اور کل پاکستان موسیقی کانفرنس کے تعاون سے ’’شام موسیقی‘‘ کا اہتمام
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2017ء) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر میںکل پاکستان موسیقی کانفرنس کے تعاون سے ’’شام موسیقی‘‘ کا اہتمام کیا۔ جس میں معروف کلاسیکل گائیک اُستاد شفقت سلامت علی خاں، فیضان علی خاں اور نادر علی خاں نے خوبصورت گائیکی سے لوگوں کے دل موہ لیے جبکہ اُستاد جعفر حسین نے کلارنٹ، کاشف علی نے طبلہ، زوہیب حسن نے سارنگی اور خیرات علی نے ہارمونیم پر پرفارم کیا۔

اِس خوبصورت محفل میں شہر بھر کی علمی، ادبی اور سماجی شخصیات کے علاوہ کلاسیکی موسیقی کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ادارے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صغرا صدف نے کہا کہ کل پاکستان موسیقی کانفرنس نے موسیقی کی ترقی و ترویج اور نئے گانے والوں کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کر کے معاشرے میں جمالیاتی قدروں کو فروغ دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے پلاک نے ان کے ساتھ مِل کر پروگرام کو منعقد کیا۔

کل پاکستان موسیقی کانفرنس کی طرف سے ڈاکٹر غزالہ عرفان نے نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے فنکاروں کے تعارف کے ساتھ موسیقی کے حوالے سے مفید بات کی۔ محفل کے بعد حاضرین کا کہنا تھا کہ بڑے عرصے بعد ایسی محفل کا انعقاد خوشی کا باعث ہے۔ استاد شفقت علی خاں نے اس قدر دِل سے گایا کہ حاضرین کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ استاد شفقت علی خاں نے فنکاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومت پنجاب سے اپیل کی۔ پلاک نے اس سلسلے میں تعاون کا بھر پور یقین دلایا۔ موسیقی کی محفلیں منعقد کرنے کا مقصد لوگوں کو نہ صرف اچھی تفریح کی فراہمی بلکہ موسیقی اور عارفانہ کلام کے ذریعے عوام میں امن، محبت اور رواداری کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر موسیقی کے دلدادہ حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وقت اشاعت : 06/09/2017 - 16:31:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :