بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی شامی پناہ گزینوں سے ملاقات

کافی دیر ساتھ رہیں ، عربی زبان میں اپنا نام لکھنا بھی سیکھا

پیر 11 ستمبر 2017 22:48

بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی شامی پناہ گزینوں سے ملاقات
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا ان دنوں شامی پناہ گزین بچوں سے ملاقات کرنے کے لیے اردن اور عمان کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے نہ صرف شامی بچوں کے ساتھ وقت گزارا بلکہ اس دوران عربی زبان میں اپنا نام لکھنا بھی سیکھا۔اداکارہ پریانکا چوپڑا مسلمانوں کے لیے اپنے دل میں نرم گوشہ رکھتی ہیں ، کچھ عرصہ قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اذان سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اذان کی آواز سن کر بہت سکون محسوس ہوتاہے، وہ جب بھی بھوپال میں واقع اپنے گھر جاتی ہیں تو ٹیرس پر شام کے وقت اذان کی آواز سنائی دیتی ہے اور وہ تمام کام بھول کر صرف اسی آواز کو سنتی ہیں انہیں اذان کی آواز سن کر بہت سکون ملتا ہے، پریانکا کی مسلمانوں سے محبت کا ایک اور واقعہ حال ہی میں سامنے آیا ہے جب انہوں نے اردن میں قائم مسلمان شامی پناہ گزین بچوں کے کیمپ کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اداکارہ پریانکا چوپڑا 2016 سے یونیسف کی سفیر ہیں اوروہ مسلمان شامی مہاجرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لییاردن میں قائم شامی پناہ گزین کے کیمپ پر پہنچیں جہاں انہوں نے شامی بچوں سے ملاقاتیں کیں ، ملاقات کے دوران انہوں نے نہ صرف بچوں کے ساتھ اچھا وقت گزارا بلکہ انہیں انگلش بھی سیکھائی اور خود ان سے عربی سیکھی۔پریانکا نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ایک بچے کو اس کا نام انگلش میں لکھنا سکھا رہی ہیں،ویڈیو کے کیپشن میں پریانکا نے لکھا سات سالہ شامی بچہ فادی اپنا نام انگریزی میں لکھتے ہوئے دیکھ کر بہت پرجوش تھا کیونکہ وہ صرف عربی لکھنا جانتا تھا لہٰذا اس نے مجھے میرا نام عربی میں لکھنا سکھایا۔۔
وقت اشاعت : 11/09/2017 - 22:48:59