شبنم ڈرامے میں نور کی والدہ کا کردار کرنے کیلئے رضامند

معروف اداکارہ فریال گوہر بھی طویل عرصے بعد کسی ڈرامے میں جلوہ گر ہونگی ، کہانی 90 کی دہائی کی ہے : فصیح باری خان

پیر 11 ستمبر 2017 22:52

شبنم ڈرامے میں نور کی والدہ کا کردار کرنے کیلئے رضامند
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) لیجنڈ اداکارہ شبنم نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں پہلی بار انٹری دینے کا فیصلہ کرلیا ، وہ معروف ڈرامہ و فلم رائٹر فصیح باری خان کی تحریر کردہ سیریل موہنی مینشن کی سنڈریلائیں میں اپنی شرائط پر کام کرنے پر رضا مند ہوگئی ہیں جس کا باقاعدہ معاہدہ ہوچکا ہے اور وہ بنگلہ دیش واپس جاچکی ہیں۔

مذکورہ سیریل کی ریکارڈنگ کیلئے اب وہ آئندہ ماہ پاکستان آئینگی۔ مذکورہ سیریل میں شبنم ، فلمسٹار نور کی والدہ کا کردار ادا کرینگی۔

(جاری ہے)

ان کے ہمراہ طویل عرصے بعد ٹی وی کی معروف اداکارہ فریال گوہر ایک چونکا دینے والے کردار میں جلوہ گر ہونگی۔ مذکورہ سیریل کی ہدایات علی طاہر دینگے۔ اس حوالے سے جب فصیح باری خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس امر کی تصدیق کی کہ شبنم مذکورہ سیریل میں کام کرنے کا معاہدہ کرکے بنگلہ دیش جاچکی ہیں۔

سیریل کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موہنی مینشن کی سنڈریلائیں کی کہانی 90 کی دہائی کے اندرون لاہور کی ہے۔ واضح رہے کہ فصیح باری خان طنز و مزاح سے بھرپور کئی کامیاب ڈرامہ سیریلز لکھ چکے ہیں جن میں خالہ کلثوم کا کنبہ ، قدوسی صاحب کی بیوہ ، محبت جائے بھاڑ میں و دیگر شامل ہیں۔ ۔
وقت اشاعت : 11/09/2017 - 22:52:42