محسن عباس حیدر کی جانب سے اہلیہ پر تشدد کی عینی گواہ بھی سامنے آگئی

معروف گلوکارہ و میزبان دعا ملک نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے خود محسن عباس کو اہلیہ پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 21 جولائی 2019 15:53

محسن عباس حیدر کی جانب سے اہلیہ پر تشدد کی عینی گواہ بھی سامنے آگئی
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21جولائی 2019ء) محسن عباس حیدر کی جانب سے اہلیہ پر تشدد کی عینی گواہ بھی سامنے آگئی۔ معروف گلوکارہ و میزبان دعا ملک نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے خود محسن عباس کو اہلیہ پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ دعا ملک نے بتایا ہے کہ انہوں نے محسن عباس کو فاطمہ سہیل پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شوبز انڈسٹری میں واحد شخصیت ہیں جو اس بات کی عینی شاہد ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ محسن عباس ہر جگہ پر اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہا ہے۔ دعا ملک نے کہا کہ محسن عباس سڑک پر بھی اپنی بیوی پر تشدد کرنے سے گریز نہیں کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب بھی محسن عباس اہلیہ پر تشدد کرتا تو وہ انہیں کال کرتی تھیں۔ دعا نے بتایا کہ فاطمہ اتنی ڈری ہوئی ہوتی تھیں کہ دروازہ بند کر کے چھپ کے فون کرتی تھیں اور وہ اپنے گھر والوں کو بھی نہیں بتا سکتی تھیں کیونکہ محسن عباس انہیں ڈراتا تھا۔

(جاری ہے)

دعا ملک نے بتایا کہ وہ 3سال سے یہ سب جانتی تھیں لیکن کبھی ناہوں نے اس بارے میں بات نہیں کی کیونکہ فاطمہ سہیل نہیں چاہتی تھیں لیکن اب یہ ظلم بند ہونا چاہیے۔ 
 

 دوسری جانب خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی معروف سوشل ورکر اور قانون دان نگہت داد نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں فاطمہ سہیل سے کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور اب فاطمہ کو تیار رہنا چاہیے کیونکہ اب ان کو جعلی ویڈیو سکینڈلز یا کسی بھی قسم کے جذباتی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 
 
 خیال رہے کہ محسن عباس حیدر کی اہلیہ نے ان پر الزام لگایا ہے کہ وہ ان پر شدید تشدد کرتے رہے ہیں۔ محسن عباس حیدرکی اہلیہ فاطمہ سہیل کی ایک پوسٹ سامنے آئی جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ محسن ان کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔فاطمہ سہیل نے سوشل میڈیاویب سائٹ فیس بک پر ایک طویل پوسٹ کے ذریعے اپنے شوہر محسن عباس پر مار پیٹ کرنے اور شادی شدہ ہونے کے باوجود کسی اور سے افیئر چلانے کا الزام عائد کیا ہے۔

فاطمہ سہیل نے اپنی تحریر کے آغازمیں لکھاہے کہ ’ظلم برداشت کرنا گناہ ہے‘۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی کہانی شروع کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں فاطمہ ہوں، محسن عباس حیدر کی اہلیہ اور یہ میری کہانی ہے، 26 نومبر 2018 کو مجھے پتا چلا کے میرا شوہر مجھے دھوکہ دے رہا ہے، جب میں نے جواب مانگا تو بجائے شرمندہ ہونے کے اس نے مجھے مارنا پیٹنا شروع کردیا، اس وقت میں حاملہ تھی، وہ مجھے بالوں سے پکڑ کر زمین پر گھسیٹتا رہا، وہ لاتے مارتا، اس نے منہ پر مکے مارنے کے ساتھ دیوار کی جانب دھکا بھی دیا‘۔

فاطمہ سہیل نے لکھا ہے کہ انہیں انکے شوہر نے حیوانوں کی طرح مارا پیٹا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو انکا نگراں تھااس نے انہیں ڈرایا دھمکایا جس پر انہوں نے اپنے کسی گھر والے کو بلانے کے بجائے دوست سے رابطہ کیا جس کے بعد انہیں فوری ہسپتال لے جایا گیا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ڈاکٹر نے پہلے تو انکا طبی معائنہ کرنے سے انکار کر دیا کیوں کہ یہ پولیس کیس تھا لیکنانہیں کچھ وقت چاہیے تھا کیونکہ وہ اس حالت میں نہیں تھیں کہ فوری ایف آئی آر درج نہیں کراسکتی تھیں۔
وقت اشاعت : 21/07/2019 - 15:53:37

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :