اداکارہ جویریہ سعود نے اپنی ٹک ٹاک ویڈیو پر تنقید کے جواب میں ایک نئی ویڈیو ریلیز کردی

جمعہ 27 مارچ 2020 23:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2020ء) اداکارہ جویریہ سعود نے اپنی ٹک ٹاک ویڈیو پر تنقید کے جواب میں ایک نئی ویڈیو ریلیز کردی۔اس ویڈیو میں اداکارہ نے ان کے بچوں کے خلاف کمنٹس کرنے والے افراد کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی نیکی اور قابلیت سے بھی ان لوگوں کو آگاہ کیا۔تقریباً 13 منٹ دورانیے کی اس ویڈیو میں جویریہ سعود نے کہا کہ وہ زندگی میں پہلی بار ایک ایسی ویڈیو بنا رہی ہیں جس میں انہوں نے لوگوں کے نفرت بھرے کمنٹس کا جواب دیا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے خلاف ایسے نفرت بھرے کمنٹس سامنے آئے وہ خاموش رہیں، تاہم اپنے بچوں کے خلاف کی گئی کسی بھی بات پر وہ خاموش نہیں رہیں گی۔جویریا سعود کا ان کے بچوں کی تربیت پر انگلی اٹھانے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ آپ میرے بچوں کے بارے میں کیا جانتے ہیں میں جانتی ہوں میرے بچے کتنے نیک ہیں، میری بیٹی جنت نے 5 سال کی عمر سے روزے رکھنا شروع کیے، اس نے پہلا عمرہ 5 سال کی عمر میں کیا، جس بچی نے کبھی پاؤں زمین پر نہیں رکھے تھے اس نے پورا عمرہ ننگے پاؤں کیا، میرا بیٹا وہ بیٹا ہے جو میرے پیر دبائے بغیر رات میں سوتا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

جنت رات کو سوتے ہوئے مجھے اٹھاتی ہے اور روتے ہوئے کہتی ہے کہ مجھ سے آج یہ گناہ ہوا ہے اللہ مجھے معاف نہیں کرے گا‘۔اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میرے بیٹے نے 3 سال کی عمر میں پہلا عمرہ کیا، اس نے 5 سال کی عمر میں دوسرا عمرہ کیا اور غلاف کعبہ پکڑ کر ایسا رویا کہ دیکھنے والا ہر شخص رو دیا، میرے بچوں کے دل میں اللہ کی محبت موجود ہے‘۔جویریہ نے نفرت انگیز کمنٹس کرنے والوں سے سوال کیا کہ آپ کون ہیں جو مجھے بتائیں کہ میں توبہ کروں مجھے کورونا وائرس سے توبہ مانگنے کا درس دے رہے ہیں مجھے نہیں ڈر لگتا کورونا وائرس سے، جان ہی لیتا ہے صرف، میں قلبی اور روحانی بیماریوں سے ڈرتی ہوں، پہلے اپنے اندر کی ان بیماریوں کو ختم کریں اور پھر کورونا سے بچاؤ کی دعائیں مانگیں‘۔
وقت اشاعت : 27/03/2020 - 23:43:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :