پاکستانیوں کی محبت کا شکریہ ادا نہیں کرسکتی، اسریٰ بلجک

کشمیر سے بہت دلچسپی ہے،ترک اداکارہ اسریٰ بلجک کشمیر جانے کی خواہشمند

منگل 23 جون 2020 11:45

پاکستانیوں کی محبت کا شکریہ ادا نہیں کرسکتی، اسریٰ بلجک
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2020ء) ترکی کی مقبول اداکارہ اسریٰ بلجک کا کہنا ہے کہ انہیں کشمیر کے متعلق جاننے میں بہت زیادہ دلچسپی ہے اور وہ اپنی دستاویزی فلم کے لیے کشمیر کا دورہ کرنے کی خواہشمند ہیں۔ترک ڈراما سیریز ’’ارطغرل غازی‘‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار اداکرنے والی اداکارہ اسریٰ بلجک نے حال ہی میں ایک معروف پاکستانی میگزین کے لیے فوٹوشوٹ کروایا اور انٹرویو دیا ہے۔

اسریٰ کے فوٹو شوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہورہی ہیں۔اسریٰ بلجک نہ صرف ترکی کی معروف اداکارہ ہیں بلکہ قانون کی تعلیم حاصل کررہی ہیں ۔ وہ ایک دستاویزی فلم بنانے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں اور اپنی فلم کے حوالے سے وہ پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہشمند ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی میگزین کو دئیے گئے انٹرویو میں اسریٰ بلجک نے کہا کہ انہوں نے فطرت کے حوالے سے دستاویزی پراجیکٹ لکھا ہے کہ کس طرح فطرت ہر طرح کے حالاتوں میں ہمیں ردعمل دیتی ہے۔

اسریٰ بلجک نے اپنے پراجیکٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ تباہ شدہ زرعی علاقوں، شہری علاقوں کے باعث برباد ہونے والے جنگلات اور جانوروں کی رہائشگاہ جو مختصر وقت میں اپنی سابقہ زرخیز ریاستوں میں واپس آسکتے ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم قدرت کو کتنا نقصان پہنچاتے ہیں لیکن ہر بار جب بھی ہم قدرت کے پاس جاتے ہیں تو قدرت ہمیں گلے لگاتی ہے۔

اسریٰ بلجک نے مزید بتایا کہ میں ان گاؤں اور پہاڑی علاقوں میں جانا چاہتی ہوں جن کو قدرتی وسائل اور مالی مسائل کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں۔ میں مقامی افراد کی مدد کرنا چاہتی، ان کی مشکلات سننا، ان کی تصاویر بنانا چاہتی ہوں اور دنیا بھر کو ان کی مشکلات سے آگاہ کرنا چاہتی ہوں۔ قرنطینہ کے دوران اپنی ٹیم کے ہمراہ ہم نے کچھ جگہوں کی نشاندہی کی ہے، میں اپنی تمام تیاری مکمل کرنا چاہتی ہوں اور فوٹوگرافی کی کچھ کلاسز کے بعد ڈاکیومنٹری پر اپنا کام شروع کروں گی۔
وقت اشاعت : 23/06/2020 - 11:45:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :