عالمی شہرت یافتہ امریکی ٹی وی میزبان لیری کنگ انتقال کر گئے

سی این این کے پروگرام سے شہرت حاصل کرنے والے لیری کنگ کرونا وائرس کی تشخیص کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 جنوری 2021 19:08

عالمی شہرت یافتہ امریکی ٹی وی میزبان لیری کنگ انتقال کر گئے
لاس اینجلس (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جنوری 2021ء) عالمی شہرت یافتہ امریکی ٹی وی میزبان لیری کنگ انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کی تاریخ کے سب سے مشہور ٹی وی میزبان لیری کنگ 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 2 مشہور ترین ٹی وی پروگرامز لیری کنگ لائیو اور لیری کنگ شو سے شہرت حاصل کرنے والے ٹی وی میزبان کرونا وائرس کی تشخیص کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

وہ پھیپھڑوں کے کینسر، ذیابطیس سمیت دیگر امراض میں بھی مبتلا تھے۔ کچھ ہفتے قبل ہی کرونا وائرس کے باعث ان کی طبیعت ناساز ہوئی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ وہ لاس اینجلس کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں اب ان کا انتقال ہو گیا ہے۔ ان کے انتقال کے بعد دنیا بھر سے لوگوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ انتقال کی خبر سامنے آنے کے کچھ دیر بعد ہی لیری کنگ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گیا۔ واضح رہے کہ لیری کنگ نے 60 سالہ کیریئر کے دوران 30 ہزار انٹرویوز کئے۔ وہ منفرد اور مخصوص انداز انٹرویو کی وجہ سے بہت مقبول تھے اور انہیں دنیا بھر میں بے حد پسند کیا جاتا تھا۔ وہ دنیا کے واحد اینکر پرسن ہیں جنہیں 25 سال تک ٹی وی ٹاک شوز کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ لیری کنگ اپنے کیریئر کے دوران متعدد ایوارڈز جیتنے میں بھی کامیاب رہے تھے۔
وقت اشاعت : 23/01/2021 - 19:08:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :